سابق چیئرمین پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کولمبو میں کروانے کے فیصلے کو حیرت کی نظر سے دیکھتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے اور شکست سے ڈرتا ہے۔
ایشیا کپ 2023 ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جارہا ہے جس کی مشترکہ میزبانی پاکستان اور سری لنکا کررہے ہیں۔ بارش کے بعد متفقہ طورپر بقیہ میچز کی ہمبنٹوٹا منتقلی طے کیے جانے کے باوجود صدراے سی سی جے شاہ نے یکطرفہ طور پرتمام میچز کولمبو میں ہی کروانے کا فیصلہ کیا۔
اس فیصلے پر سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل نے پی سی بی کو آگاہ کیا تھا کہ بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر بھارت اور پاکستان کے درمیان اگلا میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
BCCI/ACC informed PCB today that they had decided to shift next India-Pak match from Colombo to Hambantota because of rain forecasts. Within one hour they changed their mind and announced Colombo as the venue. What’s going on? Is India afraid to play and lose to Pakistan ? Look… pic.twitter.com/8LXJnzoXNf
— Najam Sethi (@najamsethi) September 5, 2023
نجم سیٹھی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک گھنٹے کے اندر انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا اور کولمبو میں میچ کروانے کا اعلان کیا۔
سابق چیئرمین نے مزید لکھا کہ، ’یہ کيا ہو رہا ہے? کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور ہارنے سے ڈرتا ہے؟‘۔
انہوں نے پوسٹ میں آئندہ دنوں میں کی جانے والی بارش کی پیش گوئی بھی شیئرکی۔
واضح رہے کہ پیر4 ستممبر کو کولمبو میں شدید بارشوں کے پیش نظر ایشیا کپ کے بقیہ میچز کولمبو سے ہیمنٹوٹا منتقل کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
ہفتہ 2 ستمبر کو کولمبو کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پاک بھارت مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا جب کہ پیر 4 ستمبر کو بھی بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا۔
پاکستان ایشیا کپ کے سُپر فورمرحلے میں بنگلادیش کیخلاف میچ آج کھیل رہا ہے۔









