ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔
بھارتی ٹیم نے 47 اوورز میں 9 وکٹوں پر 197 رنز بنالیے ۔
بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بظاہر درست ثابت نہیں ہوا، بھارتی بیٹرز سری لنکن اسپنرز کے جال میں پھنس گئے، 9 کی 9 وکٹیں اسپنرز کے نام رہیں۔
اوپنر شبمن گل 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی3، کپتان روہت شرما 53 رنز اور کے ایل راہول 39 پر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ ایشان کن 33 رنز بناسکے، اس کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بیٹر سری لنکن اسپنرز کے سامنے زیادہ رنز نہیں بناسکا۔
بارش کے باعث میچ رکنے سے قبل اکشر پٹیل 15 اور محمد سراج 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
سری لنکا کی جانب سے نوجوان بولر دونتھ ولالاج نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسپنر آسا لنکا نے 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ مسلسل تیسرے دن کھیلنا ایک چیلنج ہے۔
اس موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان داسن شناکا کا کہنا تھا کہ ہم بھی اس پِچ پر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اب سینئر بن چکے ہیں۔
کولمبو میں کھیلا جارہا یہ میچ انتہائی اہم ہے، پوائنٹس ٹیبل میں اس وقت بھارت پہلے، سری لنکا دوسرے جب کہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔
بھارت آج کا میچ جیتنے کے بعد ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا، جب کہ اگر سری لنکا یہ میچ جیتتا ہے تو اسے فائنل میں رسائی کے لیے صرف پاکستان کو شکست دینا ہو گی کیوں کہ اس کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہوگا۔
اگر پاکستان نے سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا دیا تو فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔









