اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آباد ریجن میں سوئی گیس کی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور دس چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ، چیف انجینئرو جنرل منیجر اسلام آبادمعصم ابرار خان گیس چوری کرنے والی ٹیموں کی نگرانی کر رہے ہیں ، اب تک 32 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایس این جی پی ایل کے ایم ڈی کی ہدایت پر ضلع بھر میں گیس چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،دس چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں جو گھریلو کنکشن کو کمرشل مقاصد کےلئے استعمال کررہے ہیں ان کے نہ صرف کنکشن منقطع کئے جا رہے ہیں بلکہ ان کے خلاف گیس چوری کے مقدمات بھی درج ہورہے ہیں ، اب تک 32 مقدمات درج ہوچکے ہیں ۔حکام کا کہنا ہے گیس چورروں کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں کی جائے گی اور خصوصی ٹیمیں دن رات گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپے ماررہی ہیں ۔اسلام آباد میں یو ایف جی سی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج احسان الٰہی کی قیادت میں بھی ٹیمیں مختلف جگہوں پر کارروائیاں کر چکی ہیں ۔اسلام آباد ریجن کے انچارج معصم ابرار خان نے گیس چوری پکڑنے والی ٹیموں کی اب تک کی کارکردگی کو سراہا ہے اور تمام چھاپہ مار ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، قانون پر عمل ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے عوام سے تعاون کی بھی اپیل کی ہے ۔ مزید برآں اسلام آباد یو ایف جی کی ٹیموں کے لیے سپیشل اوور ٹائم دینے کا بھی اعلان کیا۔
اسلام آباد ؛سوئی گیس چوری کے خلاف کریک ڈائون کےلئے 10ٹیمیں تشکیل ،32مقدمات درج








