اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف کی بالاآخر وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے وہ 21اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے ، نوازشریف گزشتہ چار سال سے لندن میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے ،نوازشریف کی سیاسی زندگی میں یہ دوسرا موقع ہوگا کہ وہ جلاوطنی کی زندگی گزار کر دوبارہ سیاست میں حصہ لینے کیلئے پاکستان واپس آرہے ہیں،وہ 19اکتوبر 2019کو تحریک انصاف کے دور حکومت میں علاج کیلئے برطانیہ گئے تھے اور عدالت میں لکھ کردیا گیا تھا کہ چار ہفتے میں علاج کرا کے وطن واپس آجائیں گے لیکن چار ہفتے چار سال بن گئے ، جب پی ڈی ایم کی حکومت آئی تو نوازشریف کی وطن واپسی کی بہت سی تاریخیں بعض پارٹی رہنمائوں کی طرف سے دی گئی تھیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں تاہم میاں شہبازشریف اور ن لیگ کی قانونی ٹیم نے نوازشریف کو یہ مشورہ دیا تھا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ، نوازشریف اس سے قبل بھی سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے دور میں جلا وطن ہوئے تھے ، 12 اکتوبر 1999کو جب نوازشریف نے جنرل (ر)پرویز مشرف کو آرمی چیف کے عہدے سے برطرف کیا تھا تو فوج نے مارشل لاء لگا کر نوازشریف کو وزیراعظم ہائوس سے گرفتار کر کے پہلے مری میں قید رکھا اور بعد ازاں ان کے خلاف طیارہ اغوا اور ہیلی کاپٹر کیس کے مقدمات چلائے گئے جن میں نوازشریف کو 27سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ پرویز مشرف نے نوازشریف کو پھانسی کی سزا دلوانے کی بہت کوشش کی تھی تاہم اسی عرصے میں سعودی عرب کے بادشاہ شاہ فہد بن عبدالعزیز السعود نے مداخلت کی اور پرویز مشرف پر دبائو ڈال کر نوازشریف کو باحفاظت سعودی عرب بلا کر اپنا مہمان بنا لیا ، نوازشریف کی جیل سے سعودی عرب بحفاظت روانگی کے عمل میں لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق حریری اور قطر کے شاہی خاندان نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور نوازشریف ایک معاہدے کے تحت دس سال کیلئے سعودی عرب گئے تھے ، اسی دوران ان کے والد میاں محمد شریف کا سعودی عرب میں انتقال ہوا اور بعد ازاں ان کی میت پاکستان بھجوائی گئی اور انہیں رائیونڈ لاہور میں دفن کیا گیا ۔ دوسری مرتبہ نوازشریف کو اس وقت برطانیہ جانا پڑا جب جیل میں قید کے دوران ان کی طبیعت خراب ہوئی اور ڈاکٹرز کی سفارش پر انہیں برطانیہ بھجوایاگیا ، اس معاملے میں جنرل(ر)قمر جاوید باجوہ نے مدد کی حالانکہ عمران خان نوازشریف کو برطانیہ بھجوانے کے حق میں نہیں تھے ، پنجاب کی سابق وزیر صحت یاسمین راشد نے میڈیکل رپورٹس کی تصدیق کی تھی اور سروسز ہسپتال میں نوازشریف کی عیادت کرنے بھی آئی تھیں ، دیکھتے ہیں ن لیگ نوازشریف کی وطن واپسی پر اپنے دعوے کے مطابق لاکھوں حامیوں کو جمع کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں کیونکہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد ملک کے اندر مہنگائی کی جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کی وجہ سے ن لیگ کو سیاسی طور پر نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور سابق وزیراعظم شہبازشریف بار بار یہ کہتے رہے کہ ہم نے ریاست کیلئے اپنی سیاست قربان کی ہے ، ن لیگ کے پاس نوازشریف کی صورت میں ہی ایک ایسی سیاسی شخصیت موجود ہے جو وطن واپسی پر ن لیگ کے ووٹر کو نہ صرف متحرک کرسکتی ہے بلکہ ووٹ بینک کو ٹوٹنے سے بچانے میں نوازشریف اپنا کرداراداکریں تو ن لیگ اقتدار میں آسکتی ہے ، علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ان دنوں لب ولہجہ جارحانہ ہوگیا ہے اور اب وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی یہی بات اس سے پہلے مریم نواز کیا کرتی تھیں ، بلاول بھٹو ایسی باتیں کر کے کس کو پیغام دینا چاہتے ہیں اور سندھ میں ایسی تقریریں کر رہے ہیں حالانکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کو کسی بڑے سیاسی چیلنج کا سامنا نہیں ہے،کراچی میں ایم کیو ایم ، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی مدمقابل ہیں اورسندھ میں پیپلزپارٹی کو واک اوور ملا ہوا ہے کیونکہ قومی سیاسی جماعتوں ن لیگ اور تحریک انصاف نے سندھ میں اندرون سندھ اپنی جماعتوں کو مضبوط نہیں بنایا جس کا پیپلزپارٹی بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے ، پنجاب میں پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک بہت کم ہے ۔
تجزیہ








