اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر (ر) سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وزیر دفاع نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تاریخی قریبی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جائیکا کے ذریعے پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کے لیے جاپان کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاپان سی پیک میں باہمی طور پر فائدہ مند شرکت کے ذریعے پاکستان میں اقتصادی سرگرمیاں پیدا کرنے میں مدد کرے گا اور ساتھ ہی میری ٹائم اور صنعتی مینوفیکچرنگ کے شعبوں بالخصوص گوادر شپ یارڈ میں سرمایہ کاری پر غور کرے گا۔ وزیر دفاع نے دونوں بحری افواج کے درمیان تربیتی تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا اور اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی دفاع نے پاکستان جاپان پولیٹیکو ملٹری اور ملٹری ٹو ملٹری ڈائیلاگ کے باقاعدہ انعقاد پر جاپانی حکومت کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رابطے دونوں ممالک کی باہمی دفاعی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا ٹھوس مظہر ہیں۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں تعاون کے امکانات کا ذکر کیا اور دفاعی تعاون کی موجودہ سطح کو مضبوط کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔جاپانی سفیر نے پاکستان کو اپنی حکومت کی جانب سے حمایت جاری رکھنے اور باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا یقین دلایا۔
جاپان نے پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تعاون کےلئے آمادگی ظاہر کردی








