اسلام آباد(اصغر چوہدری/نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی میں عدالت لانے کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے بدھ کو مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں لانے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آئین و قانون سے مجرمانہ انحراف کے بعد ریاستی مشینری شرافت سے بھی دستبردار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک شرمناک اور فسطائیت ہے، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین جعلی اور جھوٹے مقدمے کے باوجود تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ منتخب قیادت اور عوامی نمائندوں کے ساتھ بدسلوکی اور تذلیل کا مقصد دراصل ملک کی سیاست کو کمزور کرنا ہے جو کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی فعل ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ ریاستی مشینری کو قومی قیادت کے لیے تہذیب اور احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بے شرمی کے ریکارڈ بنانے کے بجائے ان کے ساتھ مناسب احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے واضح کیا کہ ظلم، جبر اور تذلیل کا کوئی حربہ نہ تو عوام اور رہنماو¿ں کو بدامنی اور لاقانونیت کو قبول کرنے پر مجبور کر سکتا ہے اور نہ ہی آئین سے انحراف کو برداشت کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔








