لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکیوٹیو کمیٹی (سی ای سی) کا اہم اجلاس کا پہلا دور ختم ہو چکا ہے، جس میں ہوئے فیصلوں کے بارے میں کل آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بتایا کہ اجلاس میں الیکشن سے متعلق امور اور ملکی سیاسی اور معاشی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔
شازیہ مری نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی کی پیچیدہ صورتِ حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن پر کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اجلاس میں صدرِ مملکت کے الیکشن سے متعلق خط پر بھی غور کیا گیا ہے۔
شازیہ مری کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ابھی جاری ہے، فیصلوں سے کل آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا صدرِ مملکت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرسکتے ہیں؟ کیا الیکشن کی تاریخ کااعلان کرناصدرکا اختیارہے؟ صدرمملکت کی بات نہ اِدھر ہوتی ہے نہ ادھر۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کوئی بھی کرے، ہمیں جلد الیکشن چاہئیں۔ پیپلز پارٹی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔








