ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور حارث رؤف کے انجرڈ ہونے کے بعد پی سی بی نے بطور بیک اپ بولرز شاہنواز دھانی اور محمد زمان کو سری لنکا بھیجا۔
محمد زمان نے میچ سے ایک دن قبل ٹیم کو جوائن کر لیا تھا جبکہ شاہنواز دھانی کے ویزے میں تاخیر کی وجہ سے وہ میچ والے دن سری لنکا پہنچے اور اسی دن پاکستانی ٹیم سری لنکا سے میچ ہار گئی اور واپسی کی فلائٹ کے لیے تیار ہوگئی۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر صارفین نے ’شاہنواز دھانی‘ کو لے کر دلچسب میمز اور تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں شاہنوز دھانی کا سفری پلان لکھتے ہوئے کہا کہ ایک دن میں چھ فلائٹس، ’کھلاڑی اے ٹی ایم نہیں ہوتے‘۔
محمد وقاص نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں شاہنواز دھانی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اصل پرینک تو اس بیچارے کے ساتھ ہوا ہے۔
شاہنواز دھانی آج کولمبو سے واپس پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کو سری لنکا سے شکست: شاہنواز دھانی کے ساتھ پرینک ہو گیا








