فیصل آباد(ممتاز نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے سابق حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم اپنے مفادات کے لیے کیں اور پورا فائدہ اٹھایا۔ المیہ یہی ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی عوام کے نہیں طاقتور افراد یا خاندانوں کے لیے ہوتی ہے، عدالتیں چہرے دیکھ کر فیصلے کرتی ہیں۔امید ہے نئے چیف جسٹس انصاف کے پلڑے برابر اور ججز کے سیاسی جھکاؤ کے تاثر کو ختم کریں گے۔ جماعت اسلامی بے لاگ احتساب چاہتی ہے، جنہوں نے اربوں کے قرضے معاف کروائے، ملک لوٹا، انہیں پکڑا جائے۔سینٹ میں پیش کیے گئے اعداوشمار کے مطابق988 بڑی کمپنیوں اورسیاسی و بااثر افراد نے چارکھرب، بیس ارب اور چھ کروڑ کا قرض معاف کروایا، یہ قرضے واپس لیے جائیں تو ملک کا قرضہ کم ہوجائے گا، بجلی سستی ہوجائے گی، سابق چیف جسٹس نے اس کا نوٹس لیا تاہم کیس تاحال التوا کا شکار ہے۔ بجلی بلوں میں شامل بلاجواز ٹیکسز ختم کیے جائیں، پرائیوٹ کمپنیوں سے بجلی خریدنے کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، عوام کو ریلیف نہ ملنے تک مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیصل آباد گھنٹہ گھر چوک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی مقررین میں شامل تھے۔ امیر ضلع فیصل آباد محبوب الزمان، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، صدر جے آئی یوتھ پنجا ب وسطی بشارت صدیقی اور جماعت اسلامی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے قبل ازیں فیصل آباد کے تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی اور 2ستمبر کی شٹرڈاؤن ہڑتال میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فیصل آباد کی تاجر برادری کے مسائل حل کرے۔ فیصل آباد کی صنعت کی صنعتکار وں کو سہولیات کی فراہمی سے منسلک ہوہے، سابقہ حکومتوں نے تاجر اور صنعتکار کو نظرانداز کیا،جماعت اسلامی اقتدار میں آکربڑی و چھوٹی صنعتوں کو درپیش تما م مسائل حل کرے گی، برآمدات میں اضافہ کرکے ترقی وخوشحالی لائیں گے۔تاجر طبقات سودی نظام کے خاتمہ کے لیے جماعت اسلامی سے تعاون کریں،سود اللہ سے جنگ ہے، اس کے ہوتے ہوئے معیشت ڈگر پر نہیں آئے گی۔سراج الحق نے کہا کہ نگران حکومت کا اصل کام صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد کے بعد اختیار منتخب نمائندوں کے سپرد کرنا ہے، مگر انھوں نے سوائے الیکشن کے ہر موضوع پر بات کی۔ استحکام کی ایک ہی صورت عوام کو فیصلے کا اختیار دینے میں ہے، پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے آخری وقت میں قومی مفادات کونسل کا اجلاس بلا کر الیکشن کے التوا کا جواز فراہم کیا، تاہم جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ آئین کی رو سے اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90دن میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ ہم جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔امیر جماعت نے کہا کہ 24کروڑ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں، کسان، مزدور، تاجر، ملازمت پیشہ افراد سب پریشان ہیں، گزشتہ پانچ سال تمام طبقات پر قیامت بن کر گزرے، وہی پالیسیاں تاحال جاری ہیں۔ سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، ہر شخص پونے تین لاکھ کا مقروض ہے، آئی ایم ایف عملاً ملک چلا رہا ہے۔ نگران حکومت سابقہ حکومتوں اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے تحفظ کی بجائے عوامی مفاد میں فیصلے کرے، بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کا مسئلہ نہیں، بلکہ ان کی غیر منصفانہ تقسیم، کرپشن، بیڈگورننس اور سودی نظام تباہی کی وجہ ہیں۔ ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں، وڈیروں، کرپٹ سرمایہ داروں اور مافیاز نے اپنی نسلوں کے لیے مال جمع کیا، ان کا مستقبل محفوظ بنایا اور قوم کا تباہ کیا، ان کا کوئی ادارہ احتساب نہیں کر سکا، اب عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کرے، جماعت اسلامی کے ساتھ تعاون کی اپیل ہے۔ جماعت اسلامی ہی واحد آپشن اور ملک میں اسلامی نظام لانے کی ضمانت ہے۔
سابق حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم اپنے مفادات کے لیے کیں اور پورا فائدہ اٹھایا،سراج الحق








