اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ دے کر جہاںایک سابق صدر،چھ سابق وزرائے اعظم ،چالیس سابق وفاقی وزراء ، ریٹائرڈ بیوروکریٹس اور دیگر اہم شخصیات کو دوبارہ قانون کے شکنجے میں پھنسا دیا ہے وہیں اپنی طرف سے دیئے گئے فیصلوں میں ایک اور متنازعہ فیصلے کا بھی اضافہ کردیا ہے ،دوسری جانب نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بھی بائونسر کا استعمال کرتے ہوئے 18ستمبر کو لارجز بینچ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی سماعت کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ، چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اکثریت کی بنیاد پر دو ایک سے فیصلہ سناتے ہوئے نیب قوانین میں دس میں سے 9ترامیم کو کالعدم قراردے دیا ، چیف جسٹس کے ساتھ ان کے قریبی ساتھی اور پانامہ کیس میں مانیٹرنگ جج جسٹس اعجاز الاحسن نے دیا اور اس طرح ثابت ہوا کہ 24 کروڑ عوام کی منتخب کردہ پارلیمنٹ کے 442 ارکان کی قانون سازی کی دو ججز کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہے ، جسٹس منصور علی شاہ نے بھی اپنا اختلافی نوٹ لکھ کر پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کیا اور غیر منتخب ججز کیسے منتخب پارلیمنٹ کی قانون سازی کو کالعدم قرار دے سکتے ہیں ،سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد 150ارب روپے کی مبینہ کرپشن کیس کے 598ریفرنس جو نیب کے دائرہ اختیار سے باہر نکل گئے تھے عدالتی فیصلے کے بعد اب نیب ان پر کارروائی کر سکے گا اور عدالتوں میں معاملات چلیں گے ، پی ڈی ایم حکومت قائم ہونے کے بعد پارلیمنٹ نے یہ قانون سازی جون 2022میں کی تھی ، عمران خان کی طرف سے خواجہ حارث نے کیس لڑا حالانکہ خواجہ حارث کے بارے میں بعض ناقدین یہ تبصرے کرتے رہتے ہیں کہ وہ جس بھی سیاسی شخصیت کا کیس لڑتے ہیں وہ کیس ہار جاتا ہے ، اس کیس میں خواجہ حارث کی خوش قسمتی یہ بھی تھی کہ فیصلہ کرنے والا بینچ کا سربراہ جسٹس عمر عطابندیال عمران خان کو عدالت میں آمد پر گڈ ٹو سی یو کہہ چکے ہیں اوران کے خیالات بھی عمران خان کی سوچ کے قریب ہیں، نیب ترامیم کالعدم ہونے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری ، میاں محمد نوازشریف، شہبازشریف، راجہ پرویز اشرف، شوکت عزیز ، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق، تحریک انصاف کے رہنما شوکت ترین ، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سمیت 40سابق وزراء کے خلاف کیسز دوبارہ کھل جائیں گے ، نگران حکومت اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کرے گی لیکن یہاں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ بینچ کے سربراہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال (آج) ہفتہ 16ستمبر کو اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہوجائیں گے ، نظر ثانی اپیل دائر ہونے پر قانونی ماہرین کی رائے میں نئے چیف جسٹس کو پانچ رکنی بینچ تشکیل دینا پڑے گا اور اگر پانچ رکنی بینچ تین رکنی بینچ کے فیصلے کو منسوخ کردے تو ایسی صورت میں پارلیمنٹ کی قانون سازی دوبارہ بحال ہو جائے گی تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کوئی بات نہیں کی جاسکتی ، دوسری جانب نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 18 ستمبر کو لارجز بینچ کے سامنے سپریم کورٹ کے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سماعت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ نے اس قانون پر عمل درآمد روک دیا تھا اور قانون باضابطہ بننے سے قبل ہی حکم امتناعی دیا گیا اور اس کے بعد کوئی سماعت نہیں کی گئی ، اس قانون کے تحت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے از خود نوٹس کے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے اختیار کو محدود کیا گیا تھا اور ازخود نوٹس لینے کا اختیار چیف جسٹس کیساتھ سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز کو دیا گیا تھا،اس معاملے میں نیا لارجر بینچ اتوار کو تشکیل دیا جانے کا امکان ہے اور لارجر بینچ کا فیصلہ مستقبل کے نقشے کو واضح کردے گا۔
نیب قوانین: دس میں سے 9ترامیم ککالعدم قرار، سابق صدر ، چھ سابق وزرائے اعظم ،چالیس سابق وفاقی وزراء ، ریٹائرڈ بیوروکریٹس ایک بار پھر قانون کے شکنجے میں! تجزیہ








