پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایشیا کپ میں سری لنکا سے فائنل سے قبل بھارت کو خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔
فائنل کیلئے کوالیفائی کر جانے والی بھارتی ٹیم 2 روز قبل ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش سے دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست کھاچکی ہے جبکہ سری لنکا نے سپر فور کے اہم میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر شکست سے دوچار کیا تھا۔
سری لنکا اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل معرکہ آج کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارت کی بنگلادیش سے شکست اور سری لنکا کیخلاف فائنل سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے اپنے یوٹیوب چینل پر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ’ہم نے بنگلادیش سے بھارت کے ہارنے کی توقع نہیں کی تھی، بھارت کی شکست مایوس کن ہے لیکن ہم بھارت پر زیادہ تنقید نہیں کرسکتے کیونکہ بنگلادیش کی ٹیم بھی کھیلنے آئی تھی‘۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ’ پاکستان پر تنقید کی جا رہی تھی کہ ہم نے سری لنکا سے شکست کھائی لیکن میں یہی کہوں گا کہ سری لنکا اور بنگلادیش دونوں اچھی ٹیمیں ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری ٹیموں کو مقابلہ دیتی ہیں، بنگلادیش نے بھارت کو پھینٹا لگایا ہے، اس شکست سے مجھ سمیت پاکستانیوں کو تھوڑا بہت سکون آیا ہوگا جوبھارت کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے‘۔
شعیب اختر نے مزید کہاکہ بھارتی ٹیم اب یہ نہیں سوچ سکتی کہ اگر پاکستان کو ہرا لیا تو ہم شاید دنیا کی بہترین ٹیم بن گئے، ایشیا کپ میں چھوٹی ٹیموں نے یہ دکھا دیا ہے کہ یہ ٹیمیں بڑی ٹیموں کو ورلڈکپ میں پریشر ڈالیں گی، ہم نے توقع نہیں کی تھی بھارت بنگلادیش سے مارکھائے گا لیکن شکست کھاگیا اور پاکستان ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا یہ جو کہ اور زیادہ مایوس کن ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’بھارت کو اب فائنل میں سری لنکا کیخلاف اپنی فتح کیلئے اور زیادہ محنت کرنا ہوگی، یہ فتح اسی وقت ممکن ہوگی جب بھارتی ٹیم اچھا کھیلے گی، بھارت کیلئے فائنل خالہ جی کا گھر نہیں جہاں پر بھارت سکون سے جاکر فائنل جیت آئے گا، ایسا نہیں ہونے والا، دونوں ٹیموں کے درمیان ایک مشکل مقابلہ ہوگا اگرچہ بھارت اچھی ٹیم ہے لیکن سری لنکا اس کو شکست دے سکتا ہے‘۔









