بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغان بارڈر فورس کی چمن بلا اشتعال فائرنگ ، 2 افراد جاں بحق

 

چمن: افغان بارڈر فورس کی پاکستانی حدود کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کےنتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک سکیورٹی اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔

اردونیوز کےمطابق چمن کی ضلعی انتظامیہ کے ایک سینیئر آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بدھ کی شام کو ’باب دوستی گیٹ‘ پر اچانک افغان بارڈر فورس نے پاکستانی حدود کی جانب بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر پاکستانی حدود میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک ایف سی اہلکار اور ایک بچہ زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 70 سالہ شخص اور 12 سالہ بچہ شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چمن کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ’ایک شخص کی لاش اور ایک بچے کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مقتول کی شناخت عبدالمحمد کے نام سے ہوئی ہے جو چمن کے علاقے گھوڑا ہسپتال کے رہائشی تھے۔
ضلعی انتظامیہ کے افسر کے مطابق اس دوران کچھ دیر کے لئے سرحد پیدل آمدروفت کے لیے بھی بند رہی۔ بعد ازاں دوبارہ آمدروفت بحال ہو گئی تام سرحد پر کشیدگی برقرار ہے۔ پاکستانی حکام نے افغان حکومت سے معاملے پر احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چمن بارڈر پر تعینات ایک سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان کی وفاقی حکومت کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے اعلان سے تین دن قبل ہی پاک افغان چمن سرحد پر سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے تھے۔سول سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی سرحدی گیٹ تک رسائی بھی روک دی گئی ہے اور اب صرف ایف سی، پاک فوج اور حساس اداروں کے اہلکار کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے چمن سے متصل افغان سرحدی صوبے قندھار کے رہائشیوں کو افغان شناختی دستاویز ’تذکرہ‘ پر آمدروفت کی اجازت تھی تاہم اب تین دنوں سے اس سلسلے میں سختی کی جا رہی ہے اور صرف شدید بیمار افغان باشندوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ’پاکستانی فورسز کی سختی پر سرحد پر تعینات افغان اہلکار مشتعل تھے اور جھگڑا بھی دستاویزات کے معاملے پر ہوئی ہے۔