لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اساتذہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کسی معاشرے کو پروان چڑھانے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ پوری دنیا کے سب سے بڑے اور بہترین معلم ہیں،آپ ؐنے علم کے نور سے جہالت کے اندھیرے ختم کئے،استاد اپنے شاگردوں میں لاعلمی کے اندھیروں کو مٹا کر علم کا نور بانٹتا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں، طالب علم کی شخصیت سازی میں والدین اوراستاد کے کردار کو برابر کا درجہ حاصل ہے،تعلیم دینا محض ا ستاد کا پیشہ ہی نہیں بلکہ قومی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے، ترقی یافتہ دور میں وہی قومیں کامیاب ہیں جنہیں تعلیم کی معیاری سہولتیں میسرہیں، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کی عزت و تکریم اور احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔








