لاہور(نیوزڈیسک)مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجازالحق نے کہا کہ نظر آرہا ہے کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعجازالحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو فلاں پارٹی کو سپورٹ کرنے کے میسج پہنچ رہے ہیں، اس طرح ملکی حالات بہترنہیں ہوں گے، اگرجمہوریت کو چلانا ہے تو پھر آئین کے مطابق چلائیں، سب کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا ہوگا ورنہ 90 کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع ہوجائے گی۔
سربراہ مسلم لیگ ضیاء نے مزید کہا بدقسمتی سے ملک میں احتساب نہیں ہو رہا، میری کچھ جماعتوں کے ساتھ گفتگو ہو رہی ہے، جو پاکستان کے قبلہ کو درست کرنا چاہتی ہیں، ان سے بات چیت شروع کی ہے، اگلے ہفتے الائنس کا اعلان کریں گے، الائنس کا نام کیا ہوگا جب اکٹھے بیٹھیں گے پھر بتائیں گے۔
سربراہ مسلم لیگ ضیاء نے کہا کہ 21 اکتوبر کہیں 12 اکتوبر نہ بن جائے، مارشل لاء کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتا، کبھی مارشل لاء کو سپورٹ نہیں کیا، امریکہ بھی پینٹا گون سے ان پٹ لئے بغیرنہیں چلتا، اداروں کی ان پٹ لئے بغیرفارن پالیسی نہیں بن سکتی۔
اعجازالحق نے کہا بہت سے قائدین انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کو بھی تسلیاں دے رہے ہیں، نوازشریف کو اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بہتر کرنے کا کہتا تھا، وہ کہتے تھے تم نے کون سی وزارت لینی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملاقات میں نوازشریف والا قصہ سنایا تھا۔
انہوںنے کہا نگران حکومتوں نےمدت پوری کرلی، فری ہینڈ ملا ہوا ہے، کھاؤ، پیئوں، موج اڑاؤ، الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہئے، اگرالیکشن عوام کی امنگوں کے مطابق نہ ہوا تو پھر ملک بہتری کی طرف نہیں جائے گا۔
نظر آرہا ہے کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بنانا ہے: اعجاز الحق








