اسلام آباد(ممتازنیوز) معروف سائیکلسٹ منیب میر نے 6روز کے اندر اسلام آباد سے گلگت تک 600کلومیٹر تک سفر سائیکل پر طے کر کے ریکارڈ قائم کردیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ دوسری مرتبہ 600کلومیٹر سے زائد کا سفر سائیکل پر کیا ہے ،شمالی علاقہ جات میں سیاحت کےلئے بہت اچھے مواقع ہیں ،نہ صرف پاکستان میں بلکہ غیر ملکیوں کو ان علاقوں میں ضرور جانا چاہیئے۔روزنامہ ممتاز سے بات چیت کرتے ہوئے منیب میر نے کہاکہ وہ کراچی کے رہائشی ہیں اور ایک کمپنی میں سافٹ انجیئر کے طور پر ملازمت کر رہے ہیں ، سائیکلنگ کرنا ان کا شوق ہے اور اکیلے انہوں نے اسلام آباد سے یہ سفر شروع کیا جو 6 روز تک جاری رہا اور 6 روز میں 600کلومیٹر کا سفر طے کیا، اسلام آباد سے یہ سفر شروع کرکے مری ،کوہالہ، مظفرآباداور دیگر علاقوں سے گزرتے ہوئے گلگت تک پہنچے اور گلگت سے آگے سکندر آباد اور علی آباد تک انہوں نے یہ سفر کیا، روزانہ 100کلومیٹر سفر سائیکل پر کرتے رہے ، پہاڑی علاقوں میں سائیکلنگ کرنے کا ایک الگ ہی مزہ ہے ،پہاڑی علاقوں میں سائیکل کی سپیڈ بھی سست ہوجاتی ہے اور گیئر کی مدد سے ہی اونچی اور اترائی کا سفر یقینی بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ شوق سے سائیکلنگ کرتے ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کئی علاقوں میں سڑکوں کی حالت اچھی نہیں تھی اس جگہ تھوڑی بہت مشکلات آئیں ، کھانے پینے کا کوئی خاص مسئلہ درپیش نہیں تھا، ہنزہ کا علاقہ بہت خوبصورت ہے اور وہاں جا کر بہت اچھا لگا، وہاں بہت اچھی سہولیتیں موجود ہیں اور لوگوں کو مشورہ دوں گا کہ وہ شمالی علاقہ اور ہنزہ میں لازمی جائیں ۔
منیب میر نے اسلام آباد سے گلگت تک6روز میں سائیکل پرسفر کر کےریکارڈ قائم کردیا







