ملتان: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جنوری میں برفباری سے الیکشن پر اثر پڑے گا، الیکشن کل کرائیں ہم تیار ہیں۔
ملتان میں مدرسہ قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ امت مسلمہ کا فرض ہے فلسطین کی مدد کریں، اسلامی دنیا کو ایک قوت بن کرکشیدگی کو حل کرنا ہوگا، فلسطین نے ہمت کے ساتھ اپنی سرزمین کا دفاع کیا، او آئی سی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے، امت مسلمہ کو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغانوں کے ساتھ جو رویہ رکھا گیا وہ مناسب نہیں، افغان مہاجرین کوجبر اور تشدد سے نہیں نکالنا چاہیے، افغانستان سے جو دہشت گرد آرہے ہیں ان کو روکیں، افغان ہمارے مہمان ہیں روایات کے مطابق رویہ رکھنا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی امریکا کا پتلا تھا اور چورن بیچ رہا تھا جو پکڑا گیا، ووٹ کو جن سے خطرہ تھا وہ خطرہ اب ختم ہو چکا ہے، نواز شریف ووٹ کو عزت دو سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں، یہ جوسروے کرائے جاتے ہیں یہ خاص جگہوں پر کرائے جاتے ہیں، جب ایک جگہ پر ایک پارٹی کی اکثریت ہوگی تو سروے اس کے ہی حق میں آئے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ جنوری کے آخر میں سردی میں الیکشن کیسے ہوں گے؟ جنوری کے آخرمیں شمالی بلوچستان،کے پی برف باری کی لپیٹ میں ہوں گے، حقائق پربات کریں تو کہتے ہیں الیکشن ملتوی کروانا چاہتا ہے، ہم تو تین سال سے شفاف الیکشن کروانے کی جدوجہد کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہالیکشن کل کرائیں ہم تیار ہیں، جنوری میں برفباری ہوتی ہے الیکشن پر اثر پڑے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ پی پی نے کابینہ میں بیٹھ کر نئی مردم شماری کا فیصلہ کیا تھا، نئی مردم شماری ہوگی تو نئی حلقہ بندیاں بھی ہوں گی، پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتیں نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کی منظوری دے چکے ہیں، اب یہ باہر آکر کہتے ہیں ہم فوری الیکشن چاہتے ہیں۔








