ورلڈ کپ میں سری لنکا کیخلاف کھیلے جانے والے میں پاکستان کی تاریخی فتح کے اہم کردارمحمد رضوان نے تکلیف کے باوجود اب تک کا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ لیکن جہاں کمنٹیٹرز نے انہیں ’فلمی کیرئیر‘ بنانے کا مشورہ دے دیا وہیں رضوان کا بھی کہنا تھا کہ کبھی درد ہوتا ہے اور کبھی اداکاری کرتا ہوں۔
بھارتی شہرحیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 37 رنز بنائے تھے لیکن رضوان کے ناقابل شکست 131 رنزاورعبداللہ شفیق کی پہلی ون ڈے سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو ریکارڈ شکست دی۔
رضوان نے 2005 میں برسبین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میں کامران اکمل کی 124 رنز کی اننگز کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا تعاقب مکمل کرکے ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ بابرالیون نے آئرلینڈ کا ریکارڈ توڑا جس نے 2011 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 328 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا تھا۔
لیکن کامیابی کا راستہ چیلنجز سے بھرا تھا خصوصاًحیدرآباد کے مرطوب موسم میں، اس اننگز کے دوران رضوان کو پٹھوں میں درد کا سامنا تھا۔
“Get Rizwan in the movies"
– Simon Doull (on air) #PAKvsSL | #Rizwan | #CWC23 | pic.twitter.com/SLFTzq7xCA
— Samin Haque 🇧🇩 (@imSamin) October 10, 2023
درد کش ادویات اور فزیوتھراپی نے عارضی راحت فراہم کی لیکن 37 ویں اوور میں دھننجیا ڈی سلوا کی گیند پرچھکا لگانے کے دوران انہیں شدید تکلیف ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے، اس کے باوجود وہ ڈٹے رہے۔
نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر سائمن ڈول سمیت کمنٹیٹرز نے رضوان کے چھکے لگانے کے بعد انہیں اپنا فلمی کیریئر بنانے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد ان کے مداح حیران رہ گئے تھے کیونکہ یہ واضح تھا کہ رضوان کس قدر تکلیف کا شکارہیں۔
مرے پرسو درے کے مصداق اسی دوران اپنا ہی بیٹ ٹانگ پر لگنے سے رضوان لنگڑانے لگے ، لیکن جو بات باعث حیرت رہی وہ یہ تھی کہ رضوان نے سینچری بھی اسکور کی اور چند اوورز میں خود بخود بہتر ہوتے ہوئے پاکستان کو زبردست فتح دلائی۔
اس حوالے سے رضوان کا کہنا تھا کہ جب بھی آپ اپنے ملک کے لئے پرفارم کرتے ہیں تو یہ میرے لیے ہمیشہ فخر کا لمحہ ہوتا ہے۔ میں اس وقت کچھ کہنے سے قاصر ہوں لیکن یہ مشکل تھا۔ ، ’بات یہ تھی کہ بالنگ اننگز کے بعد ہرکوئی پراعتماد تھا۔ بدقسمتی سے سری لنکا نے بابر اعظم کو جلد آؤٹ کیا لیکن اس کے بعد ہمیں اچھی پارٹنرشپ ملی۔ یہ ایک اچھا ٹریک ہے اور ہمارے لئے مددگارتھا۔ میں نے عبداللہ شفیق سے کہا کہ وہ اسے قدم بہ قدم آگے بڑھائے‘
سوالات کے جوابات میں رضوان نے میچ کے بعد شگفتگی دکھاتے ہوئے کہا کہ ، ’کبھی درد ہوتا ہے اور کبھی میں اداکاری کرتا ہوں‘۔
پاکستان کا اگلا میچ ہفتہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا مقابلہ ہوگا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دونوں میچ جیت چکی ہے جبکہ بھارت بدھ کو نئی دہلی میں اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کا مقابلہ کرے گا۔








