اسلام آباد (طارق محمود سمیر)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ جو ان دنوں انٹرویوز دینے میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں اور بعض اوقات ایسی باتیں کرجاتے ہیں کہ بعد ازاں نگران وزیر اطلاعات کو وضاحتیں دینے کے لئے میدان میں اترنا پڑتا ہے۔ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ نگران حکومت ن لیگ کے لئے کوئی نرم گوشہ نہیں رکھتی اس حد تک تو درست ہے کہ ن لیگ کو نگران حکومت کے نرم گوشے کی کوئی ضرورت نہیں ہے انہیں جہاں سے حمایت چاہئے تھی وہ پہلے ہی مل چکی ہے، لہذا وزیراعظم کی اس طرح کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف وطن واپسی کے لئے لندن سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جہاں تک ان کے مقدمات اور قانونی مشکلات کا تعلق ہے اس بارے میں وزیراعظم کا یہ بیان درست ہے کہ نوازشریف ، عمران خان اور آصف زرداری کو اپنے مقدمات کے لئے قانون حل تلاش کرنا ہو گا اور نوازشریف کو وطن واپسی پر قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنٓا پڑ سکتا ہے۔ نوازشریف کی قانونی ٹیم اپنا ہوم ورک مکمل کر چکی ہے اور وہ یہ توقع کر رہے ہیں کہ ہائیکورٹ سے نوازشریف کو حفاظتی ضمانت مل جائے گی اور وہ پھر اس کے بعد اپنے مقدمے کے سلسلے میں متعلقہ عدالت میں پیش ہو جائیں گے ، اپیل کی سماعت شروع ہونے کے بعد ن لیگ کی قانونی ٹیم یہ رائے رکھتی ہے کہ نوازشریف بری ہو جائیں گے کیونکہ اسی مقدمے میں پہلے ہی مریم نواز کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ بری کر چکاہے ۔ نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو وقتی طور پر ترک کر دیا گیا ہے ، آج کل نیا نعرہ لگایا جارہاہے ن لیگی کارکن کو عزت دو اور ن لیگ کے بڑے بڑے رہنما جو پی ڈی ایم حکومت آنے کے بعد اپنے کارکنوں کو بھول گئے تھے اور کارکنوں سے نہ صرف دوریاں پیدا کیں بلکہ انہیں عزت بھی نہیں دیتے تھے اب وہ 21اکتوبر کو کارکنوں کو لاہور لے جانے کے لئے جگہ جگہ گھوم رہے ہیں اور یہ نعرے لگا رہے ہیں کہ ہم ن لیگی کارکنوں کو عزت دیں گے ۔ شہبازشریف اور مریم نواز نے جو کمیٹیاں تشکیل دی ہیں وہ بھی خاصی متحرک ہیں اور مینار پاکستان میں ایک کامیاب بڑے سیاسی شو کی توقع کی جارہی ہے ۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پارٹی چھوڑنے والے دو رہنمائوں عثمان ڈار اور صداقت عباسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور یہ کہا ہے کہ میں نے ان دونوں کی طرح کا انٹرویو نہیں دینا ۔ اسد عمر صاحب دوسروں پر تنقید سے پہلے یہ بات یاد رکھیں کہ وہ ایک دو معمولی نوعیت کے توڑ پھوڑ کے مقدمات میں گرفتار ہوئے اور چند دن کی جیل کے بعد ہی ہتھیار ڈال دیئے تھے اور سب سے پہلے پریس کانفرنس کرنے والوں میں وہ شامل تھے ۔و ہ جس انداز میں اڈیالہ جیل سے ڈیل کر کے رہا ہوئے اور سیدھے اسلام آباد پریس کلب پہنچ کر ایک طویل پریس کانفرنس کی ، نہ صرف پارٹی سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑا بلکہ سیاست بھی چھوڑنے کا اعلان کیا اسی لئے وہ سائفر جیسے حساس نوعیت کے اہم مقدمے میں گرفتار ہونے سے بچ گئے ہیں اور ان کا ایف آئی آر میں نام نہیں ہے ۔ وہ دوسروں پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان پر بھی جھانک لیں کہ وہ اپنی پارٹی اور پارٹی لیڈر کے ساتھ کتنی دیر تک کھڑے رہے ، ان کا خاندان ایسا ہے ایک بھائی ن لیگ میں شامل ہے اوروہ پارٹی ترجمان بنے ہوئے ہیں اور دوسرا بھائی تحریک انصاف میں شامل ہو کر وفاقی وزیر رہا ۔
وزیراعظم کے انٹرویوز جاری اوروزیر اطلاعات کی وضاحتیں، تجزیہ








