اسلام آباد(اصغر چوہدری)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن کی نو منتخب باڈی کی ملاقات۔ پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن کی باڈی نے صدر عثمان خان اور سیکرٹری نوید اکبر کی قیادت میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی اور اسپیکر قومی اسمبلی کی عیادت کی اور نیک تمناؤں کے ساتھ گلدستہ پیش کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے کی نو منتخب باڈی کو صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کے بعد کامیابی پر مبارکباد دی۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے نئی باڈی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پی آر اے باڈی سے گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس سے متعلق بات چیت میں کہا کہ اداروں کو طاقت یا اختیارات پارلیمان ہی دیتا ہے بڑی خوش آئند بات ہے کہ سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کی قانون سازی کو قبول کیا، یہ قانون سازی سپریم کورٹ کے اپنے حق میں تھی، اس قانون سازی میں کوئی سیاسی پہلو نہیں تھا جس کا فائدہ کسی ایک فرد کو ہوتا، اپیل کا حق تو دنیا میں ہر جگہ ہے، اور یہ بنیادی حقوق میں شامل ہے، سپریم کورٹ کا فیصہ ستائش کے قابل ہے، بحث اب ختم ہونی چاہئے، تمام ادارے ھمارے ہیں، ادارے ایکدوسرے سے تعاون نہیں کریں گے تو ملک کیسے چلے گا، تمام ادارے ایک انجن کے پرزے ہیں، سب مل کر کام کریں گے تو ملک آگے بڑھے گا، سپریم کورٹ ھمارا ایک انتہائی اہم ادارہ ہے اور مقننہ، اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی ایکدوسرے سے جڑے ہیں، سپریم کورٹ میں اچھی اور سیرحاصل بحث ہوئی، سماعت کو براہ راست نشر کیا گیا جسے عوام نے بہت سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے کے کردار کو پارلیمان میں اہم قرار دیا اور کہا کہ پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن ایک معتبر تنظیم ہے مل جل کر جمہوریت، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے آگے بڑھیں گے۔ پی آر آے صدر عثمان خان، سیکرٹری نوید اکبر نے اسپیکر کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں صدر اور سیکرٹری کے علاوہ نائب صدر احمد نواز، سیکرٹری خزانہ اصغر چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری شاکر عباسی، سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین، ممبران گورننگ باڈی آسیہ انصر، عائشہ ناز، رزاق کھٹی، نادر گرمانی نے شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن کی نو منتخب باڈی کی ملاقات








