اسلام آباد (ویب ڈیسک) طالبان انتظامیہ کے تحت افغانستان مناسب مشاورت کے بعد اگلے ہفتے بیجنگ میں ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے تناظر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ بن جائے گا جس میں طالبان انتظامیہ کے وزیر تجارت و صنعت حاجی نورالدین عزیزی شرکت کریں گے جبکہ پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار کاکڑ اسلام آباد سے وفد کی قیادت کریں گے۔ امکان ہے کہ سی پیک کا نام تبدیل کر کے چین پاکستان افغانستان اکنامک کوریڈور (CPAEC) رکھا جائے گا کیونکہ اسے پاکستان سے افغانستان تک بڑھایا جائے گا۔ چین نے اس فورم کے لیے پچاس ممالک کے رہنماؤں کو مدعو کیا ہے جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) میں شامل ہیں۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی جنہوں نے رواں ماہ کے اوائل میں تبت میں اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ اہم ملاقات کی تھی، آج اس منصوبے کی توسیع پر بات کریں گے جو خطے میں دور رس اسٹریٹجک تبدیلی لائے گا۔ وہ پیر کو وزیراعظم کے ساتھ بیجنگ روانہ ہو رہے ہیں۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ پاکستان اور چین پہلے ہی افغانستان کو اقتصادی راہداری کے دائرے میں لانے پر متفق ہو چکے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ چینیوں کی اعلیٰ سطحی غیر رسمی مشاورت کو آنے والے ہفتوں میں خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا جو 2013 کے وسط میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سی پیک کے شریک بانی تھے۔ اگلے ہفتے فورم میں شرکت کرنے والے افغان وزیر بڑے سرمایہ کاروں کو افغانستان میں مدعو کریں گے جو کہ معدنی وسائل کی دولت کی پیشکش کر سکتے ہیں۔
افغانستان مناسب مشاورت کے بعد سی پیک کا حصہ بن جائیگا








