اسلام آباد: پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کا منافع بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ مجموعی طور پر منافع میں 88 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں 47 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز ہے جبکہ پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز منافع میں فی لیٹر41 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔اس سے قبل او ایم سی اور ڈیلرز مارجن 16 ستمبر اور یکم اکتوبر کو بھی بڑھایا جاچکا ہے۔ اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیاں 6 روپے 94 پیسے منافع لے رہی ہیں، فی لیٹر پیٹرول پر ڈیلرز 7 روپے 82 پیسے منافع لے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی لیٹر ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنی کا منافع 7 روپے 8 پیسے لاگو ہے، اور اس وقت فی لیٹر ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 7 روپے 82 پیسے وصول کیا جا رہا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کا منافع مزید بڑھنے کا امکان








