نئی دہلی (ممتازنیوز) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13ویں میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دے دیا۔
یہ میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم آخری اوور میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، گرباز 80 اور اکرام 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں دو دو میچز کھیل چکی ہیں، انگلینڈ نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ افغان ٹیم کو دونوں میچوں میں شکست ہوئی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف افغانستان کی اننگز کا آغاز شاندار رہا،اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران کے درمیان پہلی وکٹ پر 114رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم پھر ابراہیم کو انگلش بولر عادل رشید نے 28 رنز پر پویلین بھیجا۔
اس کے علاوہ 3 رنز بنانے کے بعد نئے آنے والے بیٹر رحمت شاہ بھی عادل رشید کا شکار بنے جبکہ رحمان اللہ گرباز بھی 80 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمرزئی کو لیونگ اسٹون نے 19 رنز پر آؤٹ کیا۔
تاہم اکرام علی نے 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، اس کے علاوہ راشد خان نے 23 اور مجیب الرحمان نے 28 رنز بنائے۔
یوں افغانستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 284 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔








