بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 نوازشریف کی واپسی،راولپنڈی سے کارکنوں کے بڑے قافلے کی لاہورروانگی کے لیے تیاریاں جاری

راولپنڈی(ممتازنیوز)سابق وزیراعظم میاںنواز شریف کی وطن واپسی کے سلسلے میںمسلم لیگ(ن) ضلع بھر میں متحد اور یکجا ہے،راولپنڈی شہر بھر میں لیگی قیادت کی بھرپور عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔حنیف عباسی،سردار نسیم خان،ملک ابرار اور دانیال تنویر سمیت دیگر لیگی قائدین قومی و صوبائی حلقوں کی سطح پر عوام رابطہ مہم میں مصروف ہیں۔لیگی قیادت کی بھرپور عوام رابطہ مہم کے نتیجہ میں راولپنڈی شہر و کینٹ کی تمام یونین کونسلوں اور وارڈ کمیٹیوں میں میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لیے لاہور روانگی اور مینار پاکستان کے عظیم الشان جلسہ میں بھرپورشرکت کیلئے جوش وخروش پیدا ہوگیا ہے اور لیگی کارکنان پوری طرح متحرک ہیں۔مسلم لیگ(ن)میٹرو پولیٹن راولپنڈی کی قیادت نے تمام شہری یونین کونسلوں کے دورے کیے ہیں اور کارکنان کے کنونشنز منعقد کیے گئے ۔نواز شریف کی 21اکتوبر کو وطن واپسی پر پاکستان مسلم لیگ(ن) نے بھرپور استقبال کااعلان کیا ہے۔اس سلسلہ میں مسلم لیگ(ن)راولپنڈی میں فعال اور متحرک نظر آئی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے راولپنڈی سے بڑا قافلہ لاہور روانہ ہوگا۔راولپنڈی حلقہ ہائے انتخابات سے سابق ممبران اسمبلی اورسابق ٹکٹ ہولڈرز پوری طرح متحرک ہیں اور مرکزی جلوس کے لیے انتظامات کوحتمی شکل دے رہے ہیں۔گزشتہ روزمسلم لیگ(ن)میٹرو پولیٹن راولپنڈی کے صدر و سابق میئر سردار نسیم خان کی طرف سے مقامی ہوٹل میں بلدیاتی کنونشن منعقد ہوا جس میں حنیف عباسی،ملک ابرار،دانیال تنویر،طاہرہ اورنگزیب،سیما جیلانی،حاجی پرویز خان،شیخ ارسلان حفیظ،راحت قدوسی،راجہ محمد حنیف،ضیاء اللہ شاہ،چوہدری طارق،زیب النساءاعوان۔شازیہ رضوان۔بیگم تحسین فواد۔چوہدری انعام،سابق یوسی چیئرمینوں،وائس چیئرمینوں اور کونسلروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا سرمایہ اس کے ورکر ہوتے ہیں اور پارٹیاں ہمیشہ ورکروں کے بل بوتے پر کامیاب ہوتی ہیں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ورکر اس کا سرمایہ ہیں جو نواز شریف کی قیادت میں ملک کو کرپٹ لوگوں سے نجات دلانے کیلئے میدان عمل میں ہیں،انہوں نے کہا کہ منافقت اور بدمعاشی کی سیاست میں نے کبھی پسند یا برداشت نہیں کی،نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں راولپنڈی میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرائے ہیں،100 کے قریب بسوں پر مشتمل ایک بڑا قافلہ نواز شریف کے استقبال کیلئے روانہ ہوگا اور تمام مقامی قائدین بھی ان بسوں میں سوار ہونگے،مسلم لیگ(ن) کے ضلعی صدر ملک ابرارنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی خوشی میں ضلع بھر میں جشن کا سماں ہے،ضلع بھر سے قافلے لاہور روانہ ہونگے،سابق ارکان قومی اسمبلی بیگم طاہرہ اورنگزیب اور سیما جیلانی نے کہا کہ شعبہ خواتین مسلم لیگ (ن)کا ہراول دستہ ہے،خواتین اپنے قائد کے استقبال اور مینار پاکستان جلسہ میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں، 21 اکتوبر کو مسلم لیگ(ن) کی خواتین مریم نواز کی قیادت میں اپنے قائد میاں نوازشریف کا تاریخ ساز استقبال کریں گی خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی اور اسکی خوشحال میں اپنا عملی کردار ادا کرنا ہے،مسلم لیگی رہنما چوہدری دانیال تنویر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے اقدامات سے عوام کو جہاں ریلیف ملا ہے وہاں پر لوگ اپنے آپ کو خود کفیل بھی محسوس کررہے ہیں سابق حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبویا جس کو نکالنے میں کچھ وقت درکار ہے،سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے جس کے بعد عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا۔ پارٹی کو فعال کرنے کے لئے بہت ٹھوس عملی اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے،منفی تبدیلی کا نعرہ لگا کر پاکستان کی نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار کرنے والوں کا انجام اب پوری قوم دیکھ رہی ہے آئندہ آنے والا دور میاں نواز شریف کا ہے وہ چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم بن کر اس میں کو ترقی کی اسی شاہراہ پر گامزن کریں گے جسکو نام نہاد تبدیلی نے تباہ کرنے کی کوشش کی ہے پوری قوم اس وقت نوازشریف کی طرف دیکھ رہی ہے اور میاں نوازشریف ہی اس ملک کو موجودہ درپیش بحرانوں سے نکالیں گے۔