اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا عہد ہے کہ ملک جس حالت میں ملا ہے اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث آج کافی لوگوں کے چہروں پر رونق ہے۔
سی پیک سے متعلق نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر، گرین انیشی ایٹو، ٹیکنالوجی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز، سپیشل اکنامک زونز اور ایم ایل ون کے حوالے سے اچھی خبریں ملیں گی۔ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث آج کافی لوگوں کے چہروں پر رونق ہے،حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کا فائدہ عوام تک پہنچایا ہے۔








