بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صوبوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ماحول کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ملاقات کی جس میں آئندہ انتخابات، وفاقی و صوبائی محکموں کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون، صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کے انفارمیشن افسران کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں تربیت کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ملازمین و افسران کو جدید میڈیا کے استعمال اور چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کے بارے میں تربیت کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے، وزارت اطلاعات کا دائرہ کار جدید دور میں وسیع ہو چکا ہے،مقابلے کے اس دور میں ہمیں جدید انفارمیشن سسٹم پر مکمل دسترس حاصل کرنا ہوگی۔مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ وزارت اطلاعات و نشریات خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام صوبوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ماحول کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرے ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو انتخابی مشق کے انعقاد میں مدد فراہم کرنا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ رولز اہمیت کے حامل ہیں ،صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دیتے ہیں۔ فیروز جمال شاہ نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے ،خیبر پختونخوا کی نگران حکومت انتخابات کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، خوشگوار اور پرامن ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نگران حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا