اسلام آباد(طارق محمود سمیر)پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی ورکرز اور کپتان کی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم عثمان ڈار ،صداقت عباسی نے جس انداز میں سانحہ 9مئی کی مذمت اور تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا شدید تنقید کے بعد اس طریقہ کار کو ختم کرتے ہوئے پریس کانفرنسوں کی پرانی روایت کو بحال کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کی پریس کانفرس کا بندوبست کیا گیا تاہم اس میں ایک نئی بات یہ تھی کہ فرخ حبیب نے سیاست و تحریک انصاف سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے کے بجائے تحریک استحکام پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اورعجلت میں پریس کانفرس کرنے کے بجائے نپے تلے الفاظ میں اپنا مدعا بیان کیا اور سوالوں کے جواب بھی دیئے ۔فرخ حبیب کی گمشدگی کے بعد بہت ساری افواوں نے بھی جنم لیا بلکہ امریکہ میں مقیم خود کو باخبر سمجھنے والے صحافی نے تو اپنے ٹوئٹ میں انہیں مار ہی دیا تھا ،فرخ حبیب نے پریس کانفرس میں یہ بھی کہہ دیا کہ میں خود ہی اپنی فیملی سے رابطے میں نہیں تھا جس سے بہت سارے سوالات از خود ہی ختم ہو جاتے ہیں ،پریس کانفرس میں عمران خان اور تحریک انصاف پر لگائے جانے والے الزامات تو پرانے ہی ہیں تاہم فرخ حبیب کی شکل میں چہرہ ضرور نیا ہے ۔گوکہ نیلسن منڈیلا کو حوالہ پاکستانی سیاست میں بہت دیا جاتا ہے کبی نواز شریف اور کھبی عمران خان کو نیلسن منڈیلا بنایا جاتا ہے تاہم دنیا میں یہ اعزاز صرف حقیقی نیلسن منڈیلا کے پاس ہے جس نے طویل ترین جہدوجد کی اور جیل کاٹی ،فرخ حبیب کی پریس کانفرس میں یہ بات قابل ذکر تھی کہ پروٹوکول کے برعکس جونیئر قیادت کے ساتھ پریس کانفرس کروائی گئی گوکہ فرخ حبیب وہ شخص ہیں جنہوں نے ایک بڑے سیاسی خانوادے سے تعلق رکھنے والے عابد شیر علی کو 2018کے انتخابات میں شکست دی تھی ،اس پریس کانفرنس میں نہ جہانگیر ترین تھے نہ علیم خان بلکہ پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات بھی غائب تھیں صرف نعمان لنگڑیال اور عون چوہدری ان کے ساتھ بیٹھے تھے ۔دوسری جانب ہائی کورٹ کے فیصلے سے عمران خان مایوسی ہوئی ہے عمران خان جیل ٹرائل نہیں چاہتے تھے تاہم معزز جج صاحب نے ماضی کے عمران خان کے اپنے موقف پر مہر تصدیق ثبت کردی کہ باہر سیکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں ،عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کا وقت بھی قریب ہے اور ایسے میں اعظم خان کا بیان اہمیت کا حامل ہوگا ۔
تجزیہ
فرخ حبیب کی علیحدگی چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے بڑا نقصان








