اسلام آباد(طارق محمود سمیر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد منظر عام پر آگئے ہیں ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق اور وکیل دعویٰ کرتے رہے کہ شیخ رشیدکو ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا اور بعدازاں وہ لاپتہ ہوگئے۔ لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں رٹ بھی دائرکی گئی لیکن شیخ رشید جو خودکو ہمیشہ اصلی اور نسلی کہتے رہے انہوں نے ایک مرتبہ پھر اصلی اور نسلی نہ ہونے کا ثبوت دیدیا ہے ۔ جب وہ پرویز مشرف کا مارشل لاء لگنے سے قبل نوازشریف کے ساتھ تھے تو کہا کرتے تھے کہ میری سیاست کا آغاز اور اختتام دونوں نوازشریف سے ہوتا ہے لیکن جونہی نوازشریف پر مصیبت آئی تو وفاداری بدل لی اور نسلی ہونے کا ثبوت نہیں دیا، شیخ رشید احمد جب عمران خان کے اتحادی بنے تو انہیں بہت فائدہ ہوا کیونکہ ن لیگ سے علیحدگی کے بعد 2007کا الیکشن ذاتی حیثیت میں اپنی پارٹی کے پلیٹ فارم پر لڑنے پر دو مرتبہ ان کی ضمانت ضبط ہوئی اور بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2002میں آزاد الیکشن جیت کر ق لیگ میں شامل ہوگئے اور 2013اور2018کا الیکشن تحریک انصاف کی حمایت اور ان کے ووٹرزکی وجہ سے جیتا ،2018 میں الیکشن سے تین روز قبل حنیف عباسی کو سزا ہوئی جبکہ دوسری نشست سے وہ چودھری تنویرکے صاحبزادے دانیال چودھری سے جیت گئے ، جب عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو شیخ رشید اکثر اپنے انٹرویوز میںکہا کرتے تھے کہ میں اصلی اور نسلی ہوں اور مرتے دم تک عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑوںگا، میرا اتحاد عمران خان کے ساتھ ہے ، سماء ٹی کے اینکر پرسن منیب فاروق کو انہوں نے جو انٹرویو ریکارڈکرایا اس میں پھر اصلی اور نسلی ہونے کے دعوے توکئے اور ایک نئی ٹرم نکالی کہ میں لاپتہ نہیں ہوا بلکہ چلے پر تھا اور چلے سے واپس آکر انٹرویو دے رہا ہوں۔ میری معلومات کے مطابق شیخ رشید نے منیب فاروق سے خود رابطہ کر کے انٹرویو دینے کی درخواست کی تھی اور اس کا ریکارڈ منیب فاروق کے پاس موجود ہے ، شیخ رشید نے انٹرویو میں پاک فوج کی تعریف اور عمران خان کے خلاف جو باتیںکی ہیں وہ بڑی اہم ہیں ۔شیخ رشید نے حسب سابق اپنے سابق محسن سے آنکھیں چرالی ہیں اور عمران خان کونصیحت کرتے رہے کہ فوج سے بنا کررکھنی چاہیے۔ تحریک انصاف سے فاصلہ اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرا تعلق عوامی مسلم لیگ سے ہے، میری ایک سیٹ کی پارٹی ہے، پہلے دن سے اپنی افواج کے ساتھ ہوں، پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، مجھے خودکو پاک فوج کا ترجمان کہنے پر فخر ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ کہا فوج سے بناکر رکھنی چاہئے۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کردیا کہ عمران خان نے فوج سے مذاکرات سے منع کردیا تھا۔ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا سیاستدان کو کسی فوجی کا نام نہیں لینا چاہئے۔شیخ رشید نے انٹرویو میں 9 مئی کے ملزمان کوعام معافی دینے کا مطالبہ کیا جو بلاجواز ہے۔ اگرایسا کیا گیا توکل کو دہشتگرد بھی مطالبہ کریں گے ہمیں عام معافی دی جائے،آئندہ جرم نہیں کریں گے۔دوسری طرف مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نوازشریف کی وطن واپسی کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور ملک بھر سے قافلے مینار پاکستان پہنچنے کیلئے روانہ ہورہے ہیں ،نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگ کی مرکزی قیادت سے لیکر یونین کونسل کی سطح تک تیاریاں کی گئی ہیں اور لاہور میں میلے کا سماں بنایا جارہا ہے ، گزشتہ روز نوازشریف کو دو عدالتوں سے ریلیف ملا اور ان کی حفاظتی ضمانت منظورکی گئی ، وہ پہلے اسلام آباد اتریں گے اور ہائیکورٹ میں بائیومیٹرک کرانے کے بعد لاہور روانہ ہوجائیں گے ۔میاں نوازشریف کی وطن واپسی اور لاہور میںکامیاب شوسے ن لیگ کو نئی سیاسی زندگی مل سکتی ہے کیونکہ پی ڈی ایم حکومت کی پرفارمنس اور مہنگائی جیسے ایشوزکے باعث عوام ناراض تھے لیکن حالیہ چند دنوں میں نگران حکومت کی طرف سے پٹرول کی قیمت میں 48روپے کمی اور ڈالرکوکنٹرول کرنے کے بعد حالات میں قدرے بہتری آئی ہے جس کا فائدہ ن لیگ کو پہنچ رہا ہے۔پیپلزپارٹی جون لیگ کی اتحادی رہی ہے نوازشریف کی واپسی پر منفی تبصرے کر رہی ہے حالانکہ 2018میں اسٹیبشلمنٹ کی فیورٹ عمران خان کے بعد پیپلزپارٹی تھی جس کا آصف زرداری نے خوب فائدہ اٹھایا لیکن بعد ازاں عمران خان نے اقتدار میں آکر جب نیب کے ذریعے آصف زرداری ،فریال تالپور اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنمائوں کو جیلوں میں ڈالا ۔ آصف زرداری کی تجویز پر پی ڈی ایم بنائی گئی اوراس کا فائدہ یہ ہوا عمران خان کو اقتدار سے نکالنے میں ایک بڑا اتحاد قائم ہوا ۔
شیخ رشیدکا 9 مئی ملزمان کو عام معافی کامطالبہ بلاجواز








