اسلام (ممتازنیوز) وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ ثقافتی تبادلوں کے اثرات دیرپا ہیں، ہم اس سال کے آخر تک ایک ثقافتی قافلہ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، یہ قافلہ چین کے شہر شیان سے شروع ہوگا اور کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان، ایران، متحدہ عرب امارات، عمان، گوادر اور کراچی سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ گوادر پرو کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنے خطاب میں وفاقی وزیر جمال شاہ نے ملک کے بھر پور ثقافتی ورثے میں موجود اندرونی طاقت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد اور لچک کو فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ چین پاکستان کو-پروڈکشن کی پہلی فلم ‘ پاتھیئے گرل’ کی کلچر ایوارڈنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاتھیئے گرل چین اور پاکستان کے عوام کی دوستی پر مبنی ایک فیچر فلم ہے جسے ہنر کدہ پروڈکشن اور چائنا فلم ایڈمنسٹریشن نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم اس سال کے آخر تک ایک ثقافتی قافلہ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کا مقصد پاکستان، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ قافلہ چین کے شہر شیان سے شروع ہوگا اور کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان، ایران، متحدہ عرب امارات، عمان، گوادر اور کراچی سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا سی پیک کو اس سال دسمبر کے دوران وسطی ایشیائی ممالک کا احاطہ کرتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور شاہراہ ریشم کے ساتھ زمین، زندگی اور لوگوں کی عکاسی کے لئے دستاویزی شکل دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘کٹ’ کے نام سے بننے والی اگلی فلم بھی چین اور پاکستان کے درمیان مشترکہ منصوبہ بننے جا رہی ہے اور یہ کثیر الجہتی پاکستانی فلم انڈسٹری کے بارے میں ہے۔ اس فلم کی کہانی پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے چند پرجوش فلم سازوں کی جدوجہد کے بارے میں ہے۔ کچھ چینی دوست ان کی جدوجہد کی حمایت کرنے کے لئے ان کے ساتھ شامل ہوتے ہیں اور آخر کار وہ کامیاب ہوجاتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ امداد کا سب سے اہم حصہ ثقافتی تعاون، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تبادلے ہیں۔ یہ فلم خواتین کو بااختیار بنانے، دوستی، لچک، رواداری اور افہام و تفہیم کے بارے میں ہے۔ میرے خیال میں یہ اس اچھائی کے بارے میں بھی ہے جو آپ ایک دوسرے کے دلوں میں پاتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق چینگ فلم کمپنی کے چیئرمین ژی پینگ نے سامعین کو بتایا کہ فلم پاتھیئے گرل ایک نوجوان چینی خاتون لو یو اور ایک پاکستانی لڑکی ناسا کے درمیان ایک منفرد خاتون نقطہ نظر سے باہمی مدد اور نجات کی دل کش کہانی بیان کرتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان دونوں کے عام لوگوں کی دوستی کے ذریعے یہ فلم دونوں ممالک کے درمیان حقیقی تعلق کی عکاسی کرتی ہے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کی گہری اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان فلم اور ثقافتی تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینا نہ صرف دونوں ممالک کی حقیقی زندگی کے منظرنامے کو ناظرین کے سامنے پیش کرتا ہے ، دونوں ممالک کے عوام کے مابین باہمی تفہیم اور شناخت میں اضافہ کرتا ہے ، بلکہ چین اور پاکستان دونوں کی نئے فلمی موضوعات کی تلاش اور فلم ی صنعت کی بحالی کی امنگوں سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم فلم کو چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے کے پیامبر کے طور پر استعمال کریں گے اور پاک چین دوستی کے تحفظ اور تسلسل میں مسلسل اپنا کردار ادا کریں گے۔
ثقافتی تبادلوں کے اثرات دیرپا ہیں، جمال شاہ








