بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق 

 

لاہور : تھانہ چوہنگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا جبکہ آئی جی پنجاب کے نوٹس کے بعد پولیس نے شوہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تھانہ چوہنگ کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ شہزاد اعوان، 50 سالہ غلام مرتضٰی، 45 سالہ غلام مصطفیٰ، 20 سالہ فہد ار 55 سالہ ملک خادم شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں ملک شہزاد، غلام مصطفیٰ اور غلام مرتضٰی حقیقی بھائی تھے۔

فائرنگ کی زد میں آکر 5 سالہ ابوبکر زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال مردہ خانے منتقل کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم پولیس ملزمان کا سراغ لگانے اور جائے وقوعہ کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔
ایس ایچ او تھانہ چوہنگ ناصر حمید نے بتایا کہ مقتولین کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، مرنے والوں میں 3 سگے بھائی، ایک کزن اور ملازم شامل ہے،ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوئے جبکہ تحقیقاتی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور کے علاقے چوہنگ میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دے دیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دی جائے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کیا جائے، سینئر افسران مقتولین کے لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔
سی سی پی او لاہور نے بھی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو فوری معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر کارروائی کا جائزہ لیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے سرچ آپریشن کو تیز اور ناکہ بندی کو سخت کیا جائے۔
سی سی پی او نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، ملزمان کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہو ،قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔