کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا کیس لڑ رہا ہے، جعل سازی کی انتہا کر کے مرتضیٰ وہاب میئر بن گئے ہیں، کراچی کے میئر کا الیکشن بلاول بھٹو اور آصف زرداری پر داغ بن گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم نے کہا کہ میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے تین مختلف جگہوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ سہولت اور اختیار الیکشن کمیشن نے صرف مرتضیٰ وہاب کو فراہم کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے الزام عائد کیا کہ جعل سازی کی انتہا کر کے مرتضیٰ وہاب میئر بن گئے ہیں، مرتضیٰ وہاب میئر کے عہدے پر رہتے ہوئے الیکشن لڑ رہے ہیں، الیکشن مرتضیٰ وہاب نہیں الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان خود الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب کو پیراشوٹ میں لاکر میئر بنانے کیلئے ترمیم کی گئی، ہم نے وہ ترمیم عدالت میں چیلنج کر رکھی ہے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے اس درخواست کو تیزی سے چلانے کا کہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا کیس لڑ رہا ہے جبکہ ابراہیم حیدری کے امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا گیا، اچانک سے چار لوگوں نے ہاتھ اٹھا لیے اور الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے وڈیرا شاہی والا کام کرتے ہوئے ابراہیم حیدری سے بلدیاتی ضمنی الیکشن لڑنے کی کوشش بھی نہیں کی، دیکھا جائے تو قانونی طور پر تین جگہ سے الیکشن لڑنے کا قانون ہی موجود نہیں ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ مرتضی وہاب گزری سے الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن وہ وہاں رہتے نہیں ہیں۔ مرتضیٰ وہاب رہتے ڈی ایچ اے میں ہیں لیکن ایڈریس تبدیل کر کے گزری لکھا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب جعلسازی سے میئر بنے،الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا کیس لڑ رہا ہے، حافظ نعیم








