اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ماضی کے اقدامات کو کسی کارروائی کے بغیر یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے، ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیئیشن کمیشن میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا ہے، اقتدار میں آئے تو نوازشریف کو کمیشن بنانے کی بھرپورسفارش کروں گا۔نجی ٹی وی کو انٹرویومیں اسحاق ڈار نے کہاکہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے خدشہ تھاکہ الیکشن فروری کے آخرمیں ہوں، حلقہ بندی میں الیکشن کمیشن نے وقت کی بچت کی ۔ ایک سوال پراسحا ق ڈار نے کہاکہ پی ڈی ایم کاحکومت بنانا مدبرانہ فیصلہ تھا،نوازشریف نے کھلے دل کے ساتھ اجازت دی تھی،یہ پاکستان کو سری لنکابنانے سے بچانے اور ڈیفالٹ سے بچانے کا معاملہ تھا۔ اگر16 ماہ کی حکومت نہ لیتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہوجاتاتاہم16 ماہ معیشت کی بہتری کے لیے کافی نہیں تھے۔ جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا ن لیگ اقتدار میں آکر جنرل پاشا، جنرل ظہیر، جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے خلاف کارروائی کرے گی؟اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں جو اقدامات ہوئے ہیں انہیں کسی کارروائی کے بغیر یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیئیشن کمیشن میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا ہے، یہ کمیشن رپورٹ بنائے کہ ماضی میں کس کا کیا کردار رہا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی نہ دیتے تو ن لیگ مئی دو ہزار بائیس میں اسمبلی تحلیل کر دیتی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی دھمکی کے بعد نواز شریف نے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ تبدیل کیا۔ سابق وزیر خزانہ نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ سے دو مرتبہ آئین شکنی کے مرتکب قرار دیے جانے کے بعد صدر عارف علوی کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ شاہدخاقان عباسی سے بہت اچھاتعلق رہاہے ،نوازشریف کی پاکستان آمدکے موقع پر ہمارے ایک سینئر ساتھی نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ آئیں لیکن وہ نہیں آئے شایدان کی اپنی کوئی مجبوری ہوتاہم میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ان کے اور نوازشریف کے راستے جدا ہوگئے ہیں ،سردار مہتاب ودیگرکومنانے سے متعلق سوال پرانہوں نے کہاکہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے،انہوں نے کہاکہ موجودہ عسکری قیادت انتہائی ایماندار ا ور قابل ہے اور وہ پوری طرح کوشاں ہے کہ پاکستان آگے چلے،اس وقت ہم جس مرحلے سے گزررہے ہیں اس تقاضاہے کہ تمام ادارے مل کرکام کریں، نوازشریف نے بھی واضح طور پر کہاہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرزآئین کی حدود میں رہتے ہوئے مل کرکام کریں۔
ماضی کے اقدامات کو یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے،اقتدارمیں آئے تو ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیئیشن کمیشن بنانے کی سفارش کرونگا،اسحاق ڈار








