لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کا دو گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس کی اندرونی کہانی ذرائع سے سامنے آئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے عام انتخابات کا ماحول بنانے سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پارٹی رہنماؤں کی تجاویز پر غور کیا۔
اہم بیٹھک میں معاشرے میں عدم برداشت اور نفرت انگیز سیاسی فضا کو ختم کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی جبکہ نواز شریف کی تجویز پر آل پارٹیز کانفرنس کی طرز پر تمام جماعتوں کی کانفرنس منعقد کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو بطور اسٹیٹسمین کردار نبھانے کی تجویز دی اور کہا کہ ’آپ نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے سینئر ترین رہنما ہیں، ملک اور سیاست کو آپ کی خدمات کی مزید ضرورت ہے۔
مسلم لیگ ن نے الیکشن رولز طے کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارمز پر اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی رہنماؤں کی تجویز پر نواز شریف کا ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ بھی کیا۔
نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دئیے۔ نواز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے کی زمہ داری سونپی اور ایک کمیٹی قائم کردی۔
ن لیگ کا پی ٹی آئی کو انتخابی عمل و سیاسی بات چیت میں شامل رکھنے کا فیصلہ ،اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی








