اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے۔
یاد رہے کہ آصف زرداری کا بیان ایسے وقت میں آیا جب ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے لفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک رفیق خان، نائیک خوشدل خان اور لائس نائیک عبدالقادر کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں ہونے دے گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد ملک دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ ’دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے‘۔
سابق صدر نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔








