بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعدیہ عباسی کاPTI سینیٹرز کےپروڈکشن آرڈرکامطالبہ

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ(ن) اورمتحدہ قومی موومنٹ کے درمیان انتخابی اتحاد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور سندھ میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لئے چارجماعتی اتحاد بنایا جائے گا۔مسلم لیگ (ن)کو مضبوط بنانے کے لئے صوبائی صدر بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن کو ن لیگ کا صوبائی صدر بنایا گیا ہے، بشیر میمن وہی شخص ہیں جن کا بطورپولیس آفیسر سندھ میں پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے داخلہ بند کر دیا گیا تھا اور اسٹیبلشمنٹ ڈویعن سے کہا گیا تھا کہ بشیر میمن کی بطور پولیس آفیسر سندھ میں تعیناتی نہ کی جائے جس پر ن لیگ کے سابق دور حکومت میں میاں نوازشریف نے انہیں فواہد حسن فواہد کی تجویز پرآئی جی آزاد کشمیر تعینات کر دیا تھا اور بعد ازاں انہیں ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا گیا ۔ بشیرمیمن اس وقت میڈیا میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جب تحریک انصاف کے دور حکومت میں عمران خان نے انہیں مریم نواز اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف مقدمات بنانے کی ہدایت کی تھی،بشیرمیمن یہ انکشاف کر چکے ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے انہیں طلب کر کے یہ حکم دیا تھا کہ ن لیگ کے رہنمائوں کے خلاف مقدمات بنائیں اور خواجہ آصف کے خلاف اقامہ رکھنے پر بغاوت اور آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنایا جائے جس پر انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھااور سابق وزیراعظم کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اورسابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان انہیں اپنے کمرے میں لے آئے اور باتھ روم میں کچھ دیر کے لئے بند کر دیا تھا ۔ علاوہ ازیں بشیر میمن کا احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک مرحوم ویڈیو سیکینڈل کیس میں بھی بہت تذکرہ آیا کیونکہ سابق اسٹیبلشمنٹ نے اس سیکنڈل میں ن لیگ کی اہم شخصیات ناصر جنجوعہ اورناصر بٹ سمیت دیگر کے خلاف مقدمات درج کئے تھے تاہم ایف آئی اے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ناصر جنجوعہ پر عائد کئے گئے الزامات غلط قرار دے دیئے گئے تھے اور عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا جس پر عمران خان نے بشیر میمن کو ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے سے ہٹا تھا دیا تھا اور اس کے بعد بشیر میمن ن لیگ کی قیادت کے بہت قریب ہو گئے اوراب انہیں پارٹی کا صوبائی صدر بنا دیا گیا ہے دیکھتے ہیں وہ صوبے میں پارٹی کو کتنا متحرک کرنے میں کامیا ب ہوتے ہیں ۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے ایک وفد نے بھی نوازشریف سے ملاقات کر کے دونوں جماعتوں کے اتحاد کے معاملے پر بات چیت کی ہے ۔ سندھ میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لئے ن لیگ ، ایم کیو ایم ، جمعیت علمائے اسلام ف اورجے ڈی اے کا چار جماعتی اتحاد قائم ہو رہاہے ، حقیقت میں دیکھا جائے تو اندرون سندھ میں پیپلزپارٹی بہت مضبوط ہے اورجی ڈی اے کے بعض رہنما حال ہی میں پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکے ہیں ، پیرپگاڑا کی خیر پور میں ایک سیاسی حیثیت موجود ہے مگر گزشتہ الیکشن میں وہ کوئی سیٹ نہیں جیت سکے تھے ۔ سابق سپیکر فہمیدہ مرزا اور غوث بخش مہر کامیاب ہوئے تھے ، غوث بخش مہر پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اب صرف ایک ہی بڑی سیاسی فیملی فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی صورت میں اندورن سندھ میں اینٹی پیپلزپارٹی موجود ہے ۔ کراچی کا سیاسی منظر نامہ دیکھا جائے تواس میں تحریک انصاف کے اہم رہنما پارٹی سے الگ ہو چکے ہیں اور اس ساری صورتحال کا ایم کیو ایم کو فائدہ پہنچے گا ، ایم کیو ایم اور ن لیگ مل کر کراچی میں اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں مگرشرط یہ ہے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی جامع منصوبہ پیش کرنا ہو گا جو عوام کے لئے پرکشش ثابت ہو۔ علاوہ ازیں سینٹ میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری سمیت دیگر گرفتار سینیٹرز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا جبکہ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے حق میں بھی بات کی ہے ۔تحریک انصاف کے سینیٹرز نے ڈیسک بجا کر سعدیہ عباسی کی تقریر کا خیر مقدم کیا ۔ سعدیہ عباسی نے کہاکہ جب عمران خان کے دور میں شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا تھا تو سابق سپیکر اسد قیصر نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر ہم نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تومیرے بھائی کو اسمبلی میں بلایا گیا ۔ تحریک انصاف والے ابھی تک عدالت میں کیوں ن ہیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی بھی گرفتار ہیں ، سعدیہ عباسی کو اعظم سواتی سے متعلق صحیح معلومات نہیں تھی ، اعظم سواتی گرفتار نہیں ہیں وہ روپوش ہیں اور عدالت نے ان کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں ۔ جہاں تک اعجاز چوہدری کا تعلق ہے وہ 9 مئی حملہ کیس میں گرفتار ہیں ، لاہور سے گرفتار ہونے والی تحریک انصاف کی چند خواتین کے متعلق آج سعدیہ عباسی کا کہنا ہے کہ یہ خواتین آٹھ ماہ سے گرفتار ہیں ان کی ضمانت ہوتی ہے پھر بھی نہیں چھوڑا جاتا جب مریم نواز کومیاں نوازشریف کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا تو ہم نے بہت احتجاج کیا اورفریال تالپور کو رات 12 بجے ہسپتال سے گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا جو غلط بات تھی ، ماضی میں اگر کوئی غلط بات ہوئی ہے اب ایسا نہیں ہونا چاہئے ہاں اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو عدالتوں میں ٹرائل کے بعد انہیں سزا ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ یہ نہیں ہونا چاہئے کہ چوہدری پرویز الہٰی جب تک پریس کانفرنس کرکے سیاست چھوڑنے کا اعلان نہیں کرتے انہیں رہائی نہیں ملے گی ایسے مسائل حل نہیں ہوں گے ہمیں پاکستان کی بہتری کے لئے اچھی سیاست کرنی ہو گی ۔ جہاں تک سعدیہ عباسی کی سینیٹ میں تقریر کا تعلق ہے اس سے یہ اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ شاہد خاقان عباسی کینقش قدم پر چل پڑی ہیں ، ان کی کئی باتیں جائز ہیں اورکوئی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر ہیں ۔
تجزیہ