اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور اُنکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فرنٹ لیڈی فرح گوگی کا دوسرا انٹرنیشنل پاسپورٹ 3لاکھ 19ہزار سے زائد آبادی والے جزیروں پر مشتمل ملک سے جاری کرایا گیا۔
فرح شہزادی جس ملک کے پاسپورٹ پر اپریل 2021ء کے بعد فضائی سفر کرتی رہیں‘ وہ ملک جنوبی بحرالکاہل کا ملک وینو آٹو (VANUATU) ہے۔ اسکی آبادی عالمی بینک کے 2021ء کے اعدادو شمار کے مطابق 3لاکھ 19ہزار 137ہے اور یہ آسٹریلیا سے سترہ سو پچاس کلومیٹر فاصلے پر اوشنیا براعظم میں ہے۔ یہ 80چھوٹے چھوٹے جزیروں پر مشتمل ملک ہے جو 13سو کلومیٹر علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں۔
اس ملک کا دارالحکومت پورٹ ولا ہے جہاں پر فرانسیسی‘ انگریزی اور اسلامہ زبان بھی بولی جاتی ہے۔ 1980ء میں آزادی سے قبل وینو آٹو پر فرانس اور یوکے مل کر 74سال تک حکومت کرتے رہے۔ وینو آٹو کا صدر پارلیمنٹ چنتی ہے۔
اس ملک کا سرکاری نام ریپبلک وینو آٹو ہے۔ وینو آٹو دولت مشترکہ کا بھی ممبر ہے۔ ریپبلک وینو آٹو آسٹریلیا کے مشرق میں 1750کلومیٹر فاصلے پر اور نیو کارلے ڈونیا سے پانچ سو کلومیٹر شمال مشرق اور فجی کے مغرب میں ہے۔
سڈنی سے ہوائی جہاز کے ذریعے ساڑھے 3گھنٹے کی پرواز کے فاصلے پر ہے اور برسبین کے شمال مشرق میں اڑھائی گھنٹے دورانیہ کی پرواز پر واقع ہے۔









