بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سٹاپ لسٹ میں شامل 2878 ملزمان مختلف ائیر پورٹس سے گرفتار

اسلام آباد ( ملک نجیب ) وفاقی تحقیقاتی ادارہ ( ایف آئی اے ) امیگریشن نے رواں سال بین الاقوامی چیک پوسٹوں پر 16 ملین مسافروں کا اندراج کیا ۔ سٹاپ لسٹ میں شامل 2878 ملزمان کو مختلف ائیر پورٹس سے گرفتار کیا گیا جبکہ ریڈ نوٹسز کے ذریعے 118 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے رواں سال کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے رواں سال کے دوران بین الاقوامی آمد اور روانگی کی چیک پوسٹوں پر 16 ملین مسافروں کا اندراج کیا ۔ رواں سال کے دوران 5.7 ملین پاکستانی اور 1.7 ملین غیر ملکی پاکستان آئے جبکہ 6.7 ملین پاکستانی شہری اور 1.8 ملین غیر ملکی پاکستان سے روانہ ہوئے ۔ ایف آئی اے امیگریشن نے رواں سال کے دوران 117 مسافروں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا جبکہ سٹاپ لسٹ میں شامل 2878 ملزمان کو مختلف ائیر پورٹس سے گرفتار کیا گیا ، 2449 ملزمان نے گمشدہ ، چوری شدہ اور بلیک لسٹڈ پاسپورٹس پر بیرون ملک جانے کی کوشش کی جو ناکام بنائی گئی جبکہ ریڈ نوٹسز کی بنیاد پر 118 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو مطلوب تھے ۔ ایف آئی اے امیگریشن کی رواں سال کی کارکردگی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو پیش کر دی گئی ۔