بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیاست میں حاجی عدیل جیسے مدبر زیرک سیاستدان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، اسفندیار ولی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)) عوامی نیشنل پارٹی کےسربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ حاجی محمد عدیل مرحوم کی جہد مسلسل سیاسی کارکنان کیلئے مشعل راہ ہے۔ دلیل، منطق، حقائق اور تدبر سے بھری گفتگو انکی سیاست کا خاصہ تھی۔ وہ جمہوریت کی مضبوطی، پارلیمان کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتے تھے۔ سیاست میں حاجی عدیل جیسے مدبر زیرک سیاستدان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ سابق رکن ایوان بالا حاجی محمد عدیل کی ساتویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے کبھی اپنے نظریئے اور پارٹی مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ہر مشکل میں قومی تحریک کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ صوبائی حقوق ہو یا بجلی کا خالص منافع حاجی عدیل نے ہر جگہ پختونخوا کی وکالت کی۔ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے اجرا میں مرحوم محمد عدیل نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم میں ان کی محنت اور دور اندیشی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حاجی محمد عدیل عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان کی سیاست کا ایک اہم اثاثہ تھے۔ محکوم قومیتوں باالخصوص پختونوں کیلئے انکی قربانیاں لازوال اور بے مثال ہیں۔ پارلیمان ہو یا عملی میدان حاجی عدیل نے دلیری سے قوم کے حقوق کیلئے جدوجہد کی۔ مرحوم کو قوم کی خدمت کا جذبہ اپنے والد حکیم عبدالجلیل سے وراثت میں ملا تھا۔انہوں نے پوری زندگی مظلوم قومیتوں کیلئے نہ صرف آواز اٹھائی بلکہ عملی جدوجہد کی۔ ساتویں برسی کے موقع پر انکی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ حاجی محمد عدیل مرحوم عوامی نیشنل پارٹی اور تمام پختونوں کا فخر ہیں۔حاجی عدیل جیسے رہنماؤں کی پیروی کرتے ہوئے اےاین پی قوم کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔