اسلام آباد: فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن نے فیض آباد دھرنے سے متعلق پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے ویڈیو ریکارڈ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کا پہلا باضابطہ اجلاس ہوا، 3 رکنی کمیشن کے اجلاس کی صدارت سابق آئی جی اختر شاہ نے کی۔
اجلاس میں کمیشن کے ایک رکن سابق آئی جی طاہر عالم شریک نہ ہوسکے تاہم اجلاس میں کمشن کے تیسرے رکن ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شریک ہوئے۔
اسلام آباد میں فیض آباد دھرنا کمیشن نے ایک رکن کی عدم دستیابی کے باوجود کام شروع کر دیا، انکوائری کمیشن نے ابتدائی طور پر تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔
ساتھ ہی کمیشن نے فیض آباد دھرنے کے بارے میں ہونے والی انکوائری رپورٹس بھی طلب کرلیں۔
انکوائری کمیشن نے فیض آباد دھرنے سے متعلق پیمرا سے ویڈیو ریکارڈ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔
فیض آباد دھرنا کمیشن سابق آرمی چیف، وزیراعظم اور چیف جسٹس کو بھی بلا سکے گا، دو ماہ میں تحقیقات مکمل کرنی ہوں گی
کمیشن کے آئندہ اجلاس میں دھرنے کیس کے حوالے سے تمام متعلقہ انتظامی افسران کو طلب کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔








