اسلام آباد(ممتازنیوز )نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی مرتضیٰ سولنگی سے وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکریٹری اطلاعات ظہور احمد نے ملاقات کی،نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے شاہیرہ شاہد کو سیکریٹری اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئےسیکریٹریٹ گروپ کے سینئر افسر سابق سیکریٹری ظہور احمد کی وزارت اطلاعات کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی، میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مواقع، بیرون ملک پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے میں وزارت کے کردار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مواقع سے نمٹنے کے لئے میڈیا انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکریٹری ظہور احمد قابل افسران ہیں، ان کے ساتھ کام کرنا میرے لئے باعث فخر ہے، حکومت متحرک، متنوع اور ذمہ دار میڈیا منظر نامہ کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، آج ہمیں میڈیا کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے میڈیا میں استعمال ہونے والے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے،اس چیلنجنگ ماحول میں ہماری بنیادی توجہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہونی چاہئے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ہمیں عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص، اپنے بھرپور ثقافتی ورثے اور سماجی و اقتصادی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے، میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا پختہ عزم ہے،اطلاعات و نشریات کا شعبہ پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔









