اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑنے کہاکہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ،اسمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے جس کی آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس کے لیے تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں سے بھی فوری رابطہ کیا جائے، اے پی این ایس کے وفد میں صدر محترمہ ناز آفرین، سیکرٹری جنرل سرمد علی، فنانس سیکرٹری شہاب زبیری شامل تھے۔ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
نگران وزیر اعظم کی اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی








