بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر پارٹی میں شفاف انتخابات کے لئے میدان میں نکل آئے

اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر پارٹی میں شفاف انتخابات کے لئے میدان میں نکل آئے،پارٹی کارکنوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئےاکبرایس بابرنے کہاکہ نظریاتی کارکن پارٹی میں شفاف انتخابات کے لئے آگے آئیں،کارکن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم کے مطابق اگلے 20 دنوں میں شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کو یقینی بنانے کے لئے متحرک ہوں،شفاف انٹرا پارٹی الیکشن نہ ہوئے تو قومی الیکشن میں ‘بلے کا نشان برقرار رہنا اور انتخابات میں حصہ لینا خطرے میں پڑ سکتا ہے،پی ٹی آئی کارکنوں کو پارٹی کو مکمل تباہی سے بچانے کے لئے آگے آنا ہوگا۔
اتوارکو پارٹی کے بانی رکن نے پی ٹی آئی کارکنوں سے ملک گیر رابطہ مہم کے آغاز کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کارکن پارٹی کو دوبارہ ہائی جیک ہونے سے بچانے کے لئے فورا متحرک ہوں،مشاورت سے بے داغ اور نظریاتی پارٹی ارکان پر مشتمل مرکزی اور صوبائی پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کا فوری اعلان کرایا جائے،پی ٹی آئی الیکشن کمیشن پارٹی انتخابات کا شفاف اور آئینی طریقہ کار کا فورا اعلان کرے،قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر ووٹرز لسٹیں جاری کرائی جائے، ووٹرز کی شفاف تصدیق، پولنگ کی تاریخ اور طریقہ کار کا بلا تاخیر اعلان ہونا چاہیے،پی ٹی آئی کارکنوں کی نگرانی میں شفاف انٹرا پارٹی الیکشن سے جماعت ادارہ بن سکتی ہے۔

اکبر بابر نے کہاکہ شخصی مفادات میں فیصلے نہ ہوتے تو پارٹی کو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتے،پارٹی اور ورکرز کی مشکلات کی ذمہ دار ناقص اور کرپٹ قیادت ہے،ایسے لوگ جماعت پر قابض تھے جنہوں نے حوس اقتدار میں سب کچھ داؤ پر لگا دیا،دولت اور اقتدار کے لئے پارٹی ورکرز کو فساد، انتشار اور شخصی مفادات کی بھٹی میں ایندھن کے طور پر استعمال کیاگیا۔