اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کاانتخابی منشور ہمیشہ کی طرح جامع، قابل عمل اور پاکستان کے مسائل کا حل ثابت ہوگا،اپنی روایت کے مطابق معاشی بحالی وخود انحصاری اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے، صرف وعدے نہیں کرنے اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے، منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے،منگل کواپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور تمام طبقات اور ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا جا رہا ہے،آئینی کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کے لئے اصلاحات، انتظامی امور میں بہتری، گڈ گورننس پر سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں، نظام عدل کی اصلاح اولین ہدف ہے تاکہ شہریوں کے حقوق، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی ہو،خارجہ تعلقات کا فروغ، امن کا قیام، قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانا منشور کے اہم نکات میں شامل ہیں، بیوروکریسی، سول سروسز اور امور سرکار کو شفاف، فعال اور آسان بنانے کی تجاویز مرتب کی جا رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ ایندھن، ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم پر بھی منشور میں سفارشات شامل ہوں گی،میڈیا، فلم، ٹی وی، تاریخ و ادب، ثقافت، سیاحت کے فروغ کےلئے پالیسی گائیڈ لائن منشور میں شامل ہو گی موسمیاتی تبدیلیوں، بڑھتی آبادی پر قابو، صحت و غذا کا تحفظ منشور کے نکات میں شامل ہیں، نوجوانوں کی تعلیم، وظائف اور لیپ ٹاپ کی فراہمی، ہنرمندی اور روزگار کے لئے فوری قابل عمل تجاویز تیار کی جا رہی ہیں،کسانوں، محنت کشوں، مزدوروں، کمزور طبقات اور اقلیتوں کے معاشی، سماجی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس پالیسیاں منشور میں شامل ہوں گی، کھیلوں کا فروغ، نئے میدانوں اور اسپورٹس کمپلیکسز کی تیاری، خصوصی افراد کے لئے اقدامات بھی منشور کا حصہ ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نےکہاکہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پالیسی اقدامات منشور میں شامل ہوں گے، الحمدللہ، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ وعدے پورے کئے ہیں، پھر کریں گے،ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے۔
ن لیگ کاانتخابی منشور ہمیشہ کی طرح جامع، قابل عمل اور پاکستان کے مسائل کا حل ثابت ہوگا،مریم اورنگزیب








