اسلام آباد(ممتازنیوز )نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امورمرتضیٰ سولنگی نےکہاکہ آئین کے اندر 280 آرٹیکل موجود ہیں، آئین کے اندر صرف 90 دن میں انتخابات کا آرٹیکل نہیں، اس میں آرٹیکل 254 بھی موجود ہے، پاکستان میں ہر ایک کو اظہار رائے، شکایت اور تنقید کرنے کی آزادی حاصل ہے، جو آزادی پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو حاصل ہے وہ مسلم لیگ (ن) کو بھی حاصل ہے، ان کے پاس بھی شکایت کرنے کا اختیار موجود ہے،منگل کومیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیرنے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت الیکشن کمیشن صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا اور ہم اس کی مدد کریں گے، نگراں وزیراعظم نے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے حوالے سے گزشتہ رات عوام کو بذریعہ ویڈیو پیغام آگاہ کیا، وزیراعظم کے دورہ کے دوران معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتیں طے ہوں گی تو اس حوالے سے میڈیا کو آگاہی مل جائے گی، بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے ساتھ میرا احترام کا رشتہ ہے، ان کے بیانات پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔
پاکستان میں ہر ایک کو اظہار رائے، شکایت اور تنقید کرنے کی آزادی حاصل ہے،مرتضیٰ سولنگی








