اسلام آباد(ممتازنیوز) گریڈ 22 کے سینئر آفیسر اور سیکرٹری پارلیمانی امور شکیل ملک کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پرنسپل سیکرٹری مقرر کردیاگیا۔انہوں نے منگل کو ایوان صدر میں صدر کے پرنسپل سیکرٹری کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ شکیل ملک، جو گزشتہ چار سال سے زائد عرصے سے وزارت پارلیمانی امور میں پہلے ایڈیشنل سیکرٹری اور پھر سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے اور گزشتہ دنوں صدر عارف علوی کو اسٹیبلممنٹ ڈویژن کی طرف سے تین ناموں کی سمری بجھوائی گئی تھی اور صدر نے تینوں افسران سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں،شکیل ملک ایک قابل اور ایماندار افسر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں وہ تین کتابوں کے مصنف بھی ہیں یہ کتابیں انہوں نے مزاح نگاری پر لکھی ہیں۔ وہ اس سے قبل وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ایڈیشنل سیکرٹری،نیب کے ڈی جی ایچ آر، وزارت پٹرولیم، وزارت امور کشمیر،کشمیر کونسل،گلگت بلتستان کونسل،وزارت انسانی حقوق اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں مختلف اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ صدر کے پرنسپل سیکرٹری کا عہدہ اس وقت سے خالی ہے جب آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے دو الگ الگ بلوں پر دستخط نہ ہونے اور فائل گم ہونے کا تنازع پیدا ہوا تھا اور صدر نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ عملے نے ان بلوں سے متعلق میری ہدایات پر عمل نہیں کیا اور حکومت کو یہ بل واپس نہیں بجھوائے گئے جس پر صدر نے اس وقت کے پرنسپل سیکرٹری وقار احمد کو تبدیل کر دیا تھا۔
شکیل ملک صدرمملکت کے پرنسپل سیکرٹری مقرر،چارج سنبھال لیا








