سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن شہباز شریف رمضان شوگر ملز ریفرنس میں احتساب عدالت پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیراعظم اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی جہاں شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ حمزہ شہباز بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت نہیں آسکے۔
وکیل نے کہا کہ ہم نے حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیاشہباز شریف پچھلے ٹرائل میں خود پیش ہوتے تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کی جگہ ایک پلیڈرمقرر تھا۔
سابق وزیراعظم نے عدالت میں کہا کہ یہ مقدمہ بہت سالوں سے چل رہا ہے، اس گندے نالے پر ایک ایم پی اے کی درخواست آئی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، اس کے بعد مجھے رمضان شوگرمل ریفرنس میں گرفتار کرلیا گیا۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملزم ریفرنس پر سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو طلب کر رکھا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ریفرنس واپس نیب عدالت آیا تھا۔
دائر ریفرنس میں نیب نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے شوگرمل کے باہر قومی خزانے سے گندہ نالا تعمیرکرایا تھا۔









