ایون فیلڈ اورالعزیزیہ ریفرنسز میں نوازشریف کی سزا کیخلاف اپیلوں پرسماعت آج ہوگی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن سماعت کریں گے۔
نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے۔
نواز شریف کے وکیل امجد پرویز اپیل پر اپنے دلائل جاری رکھیں گے، اس موقع پر سیکیورٹی کی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اکتوبر کو نواز شریف کی جانب سے دائر درخواستوں پر ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلیں بحال کی تھیں۔
اپیلوں کی بحالی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں 23 اکتوبر کو نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی کے بعد دائر کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو جولائی 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال اور دسمبر 2018 میں العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔









