اسلام آباد(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے کیس کا جلدی فیصلہ ہونے کا تاثر درست نہیں، عمران خان کو بھی فیئرٹرائل ملنا چاہئے،پارٹی کے منشور کی تیاری میں نیب کے خاتمے پر غور ہو رہا ہے، انتخابات کا التوا چاہتے ہیں نہ اس حوالے سے کوئٹہ میں درخواست دائر کرنے والی خاتون کا مسلم لیگ(ن) سے تعلق ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ پارٹی کے منشور کی تیاری میں نیب کو ختم کرنے کے حوالے سے قیادت کی سطح پرمشاورت کررہے ہیں،میری رائے میں نیب کو ختم کردیناچاہئے اور اس کی جگہ جو ادارے موجود ہیں انہیں مضبوط کیا جانا چاہئے اگر پھر ضرورت ہو تو نئے ادارے بنائے جائیں،انہوں نے کہاکہ نیب کی کارکردگی مایوس کن ہے، 20،25 برسوں میں کوئی ایک کیس بھی عدالت میں ثابت نہیں کرسکا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے کیس کا جلدی میں نہیں ہوا،یہ 2017 کا کیس ہے اور وہ 2023 میں بری ہوئے۔ عمران خان کے معاملے میں بھی ضرور انصاف ہوناچاہیے، ناانصافی نہیں ہونی چاہیے،فیئرٹرائل ملناچاہئے۔انتخابات کے التوا کی افواہوں سے متعلق انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے اچانک بحث شروع ہوئی اور پھر اداریے اور کالم لکھے جارہے ہیں، ایک سرکس لگ گیا ہے اور ہر طرف سے یہ کہا جا رہا ہےکہ انتخابات ملتوی ہورہے ہیں حالانکہ چیف جستص فائز عیسیٰ نے واضح طور پر کہا تھا اس میں میں اگر کوئی بات کرنے چاہئے تو گھر جاکر بیگم سے سرگوشی میں کرلے لیکن اب سرعام باتیں شروع ہوگئیں جس سے شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں انتخابات میں التوا سے متعلق درخواست دائر کرنے والی خاتون کا مسلم لیگ(ن) سے کوئی تعلق نہیں۔
نوازشریف کا فیصلہ جلد ہونے کا تاثر درست نہیں، عمران کو فیئرٹرائل ملنا ،نیب کو ختم کرناچاہئے،عرفان صدیقی








