بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی وی سمیت ریاستی براڈ کاسٹرز میں اصلاحات کی ضرورت ہے، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(ممتازنیوز ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس سینیٹر فوزیہ ارشد کی زیر صدارت منعقدہوا،نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے بھی اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں 9 اکتوبر 2023ءکو کمیٹی کے اجلاس میں کی جانے والی سفارشات بالخصوص 53 یومیہ اجرت پر بھرتی ہونے والے ملازمین سے متعلق سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ کمیٹی ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے وزارت کے جس ادارے میں تحقیقات کرانا چاہتی ہے، واضح ہدایت جاری کرے، اس پر عمل کریں گے، نگران حکومت کوئی ریگولر اپوائنٹمنٹ نہیں کر سکتی، نگران حکومت یہ بھی نہیں کر سکتی کہ کوئی ادارہ بند ہو جائے، اسٹاف کی کمی دور کرنے یا ضروری پروگرام چلانے کے لئے وقتاً فوقتاً کچھ لوگوں کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں،یومیہ اجرت پر بھرتی کے لئے اشتہار کا پراسیس طویل ہوگا، اس طرح ادارے کام نہیں کر سکیں گے، اگر کمیٹی تجویز کرتی ہے کہ ڈیلی ویجز کے لئے اشتہار کی شرط لازمی ہے تو کمیٹی کی رائے اور فیصلہ پر عمل کریں گے۔
نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ کمیٹی یومیہ اجرت پر بھرتی کیلئے اشتہار دینے یا کسی قسم کی بھرتی کرنے یا نہ کرنے سے متعلق واضح ہدایت دے، ہم عمل کریں گے، کمیٹی کے ارکان کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، مجھے کمیٹی کی رہنمائی کی ضرورت ہے،آج ہمیں کسی واضح ہدایت کے ساتھ یہاں سے اٹھنا چاہئے تاکہ اگلی بار اس مسئلہ کو دوبارہ نہ اٹھایا جائے، پی ٹی وی سمیت ریاستی براڈ کاسٹرز میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ہم الیکشن کی طرف جا رہے ہیں،میری تمام سیاسی جماعتوں سے گذارش ہے کہ آپ اسٹیٹ میڈیا کی اصلاحات کا پروگرام ڈسکس کریں، اس وقت ریڈیو پاکستان کا ٹوٹل بجٹ کا 76 فیصد حصہ تنخواہوں اور پنشنز میں ادا ہو رہا ہے،بہت سے ملازمین کے کمیوٹیشن، جی پی فنڈز رکے ہوئے ہیں،اس وقت پاکستان کے سرکاری میڈیا میں سب سے پرانا ادارہ ریڈیو پاکستان ہے،ریڈیو پاکستان میں پنشنرز کی تعداد موجودہ ملازمین سے زیادہ ہے،4182 پنشنرز اور 1996 ملازمین ہیں، اس طرح یہ ادارے نہیں چل سکتے، ان میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔