اسلام آباد(ممتازنیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سانحہ اے پی ایس کے شہداءکی 9 ویں برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ اے پی ایس کو گذرے 9 برس بیت گئے مگر بچھڑنے والوں کا غم آج بھی تازہ ہے،16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداءکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا،بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا،اس دن کو یاد کر کے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا،ہفتہ کواپنے پیغام میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سانحہ اے پی ایس کے شہداءنے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا،اس واقعے کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے، دہشتگردی کیخلاف متحد ہوئے، بیس نکاتی قومی ایکشن پلان بنایا گیا اور دہشتگردوں کو شکست دی گئی،بدقسمتی سے بعد میں پارلیمان اور عوامی اداروں کی رائے لیے بغیر ماضی قریب کے ایک حکومت نے دہشتگردوں کو واپس آنے دیا جس سے ملک میں دہشتگردی کی ایک نئی لہر کا آجکل ہم مقابلہ کر رہے ہیںدنیا بھر میں دہشتگردوں کی خوشامد سے دہشتگردی کبھی ختم نہیں ہوئی۔ پاکستانی عوام اپنے ریاستی اداروں کی طاقت سے دہشتگردی کی اس نئی لہر کو بھی شکست دیں گے اور یہی آج کا پیغام ہے۔
انہوں نےکہاکہ ہمارا عزم پختہ اور جذبہ سچا ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے،ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے،دفاع وطن اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے تمام ریاستی ادارے بشمول سول و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں،پاکستان دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہے،میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آرمی پبلک سکول کے شہداءکے درجات بلند کرے او ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے،افواج پاکستان کے شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک میں امن کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔
سانحہ اے پی ایس کو گذرے 9 برس بیت گئے مگر بچھڑنے والوں کا غم آج بھی تازہ ہے، مرتضیٰ سولنگی








