لاہور(ممتازنیوز)سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے،نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا،ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں ،آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی ،ہفتہ کواپنے پیغام میں سابق وزیراعظم نے کہاکہ 9 سال پہلے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی،ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا،آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی،وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں ،دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہو گی،افسوس دہشت گردوں کو واپس لاکر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنادیں ہلا دی گئیں ،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر وزیراعظم نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کاروائی کی ضرورت ہے،اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین
16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے،شہباز شریف








